امپھال۔15؍مئی (ایجنسیز ) ہندوستان اور پاکستان کی سرحد کے بعد اب ہندوستان اور میانمار بارڈر پر بھی ہلچل مچ گئی ہے۔ہندوستانی فوج نے منی پور کے علاقے چندیل میں دہشت گردوں کے خلاف ایک بڑا آپریشن کیا ہے۔ ہندوستانی فوج کے آسام رائفلز کے جوانوں نے ضلع چندیل کے کھنگجوئے علاقے میںہندوستان-میانمار سرحد کے قریب 10دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ہندوستانی فوج نے ایکس پر اس کارروائی کے بارے میں معلومات دی ہیں۔فوج کے مطابق منی پور کے چندیل ضلع کی کھنگجوئے تحصیل کے نیو سمتل گاؤں کے قریب دہشت گردوں کی سرگرمیوں کا پتہ چلا اور دہشت گردوں کی سرگرمیوں کے بارے میں انٹیلی جنس معلومات پر کارروائی کی گئی۔جیسے ہی فوج کے جوانوں نے آپریشن شروع کیا دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ شروع کردی۔ اس کے بعد مناسب جواب دیا ٓگیا۔ آدھی رات کو آسام رائفلز کے جوانوں نے فوری کارروائی کی اور تصادم میں 10 عسکریت پسندوں کو مار گرایا۔ اس دوران عسکریت پسندوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔مشرقی سرحد پر ہندوستانی فوج کی یہ کارروائی ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ہند۔پاک سرحد یعنی ایل او سی پر کشیدگی ہے۔ دہشت گرد ایل او سی پر مسلسل بزدلانہ کارروائیاں کر رہے ہیں۔
حال ہی میں ہندوستانی فوج کے جوانوں نے دراندازی کی کوشش کرنے والے تین دہشت گردوں کو مار گرایا تھا۔