امپھال : منی پور میں میتی اور کوکی برادریو ں کے درمیان 3مئی سے جاری تشدد رکنے کے آثار نہیں دیکھ رہے ہیں ۔ مظاہرین دو لاپتہ طلبہ کے قتل کے خلاف احتجاج کررہے ہیں ۔ ایک مشتعل ہجوم نے منی پور کے تھوبل ضلع میں بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی) کے ایک مقامی پارٹی دفتر کو آگ لگادی کیونکہ چہارشنبہ کے روز دو طالب علموں کے اغوا اور قتل کے بعد شروع ہونے والے تازہ احتجاج میں اضافہ ہوا ۔سوچیل میڈیا پر گردش کرنے والے مناظر میں تھوبل ضلع میں بی جے پی کے منڈل دفتر کو آگ میں لپٹا ہوا دکھایا گیا ہے ۔ ویڈیو میں دو منزلہ عمارت کی چھت سے کالے دھوئیں کے بڑے بڑے شعلے نکلتے ہوئے نظر آرہے ہیں ۔ جبکہ کچھ شرپسندوں کو تالیاں بجاتے اور تباہی کا نعرہ لگاتے ہوئے سنا جاسکتا ہے ۔ ویڈیو کے بعد کے حصہ میں نامعلوم افراد کو عمارت پر پتھراؤ کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا ۔دوسری طرف 27ستمبر کو تھوبل ضلع میں بھیڑ نے بی جے پی کے دفتر کو آگ لگادی ۔ اس کے علاوہ امپھال میں بی جے پی کی ریاستیصدر شاردا دیوی کے گھر میں بھی توڑ پھوڑ کی گئی ۔ پولیس نے ایک پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ماحول کشیدہ رہا ، لیکن حالات قابو میں ہیں ۔