منی پور میں 4.5 ماہ بعد انٹرنیٹ خدمات بحال

   

امپھال : منی پور میں گزشتہ ساڑھے چار ماہ سے تشدد کا دور جاری ہے۔ حالات کے تشویشناک ہونے کا اندازہ اسی بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ریاست میں تشدد شروع ہونے کے بعد سے اب تک انٹرنیٹ خدمات پر پابندی عائد ہے۔ حالانکہ اب خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ وزیر اعلیٰ این بیرین سنگھ نے آج سے، یعنی 23 ستمبر سے انٹرنیٹ خدمات کو بحال کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ منی پور میں 3 مئی کو تشدد شروع ہوا تھا جس کے بعد سے ریاست میں انٹرنیٹ خدمات بند کر دی گئی تھیں۔ تشدد کو پیش نظر رکھتے ہوئے پہلے پانچ دنوں کے لیے انٹرنیٹ پر پابندی عائد کی گئی تھی، لیکن بعد میں اسے پھر 5 دنوں کے لیے بڑھا دیا گیا تھا، اور پھر اسی طرح پابندی میں توسیع ہوتی رہی۔ بہرحال، وزیر اعلیٰ کی ٹیم کے ایک رکن نے میڈیا کو بتایا کہ انٹرنیٹ خدمات بحال کرنے کا فیصلہ ہو چکا ہے اور اس کی جانکاری متعلقہ ٹیموں کو بھیج دی گئی ہیں۔