مودی ،بائیڈن نے جامع ترقی پر تبادلہ خیال کیا

   

بڑی معیشتوں کو اکھٹا کرتے ہوئے مسائل حل کرنے کا جائزہ

بالی: وزیر اعظم نریندر مودی اور امریکی صدر جو بائیڈن نے G20سربراہی اجلاس کے موقع پر پائیدار اور جامع ترقی کو فروغ دینے کے لیے G20کے ذریعہ بڑی معیشتوں کو اکٹھا کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔وہائٹ ہاؤس نے آج جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ صدر بائیڈن نے بالی میں G20لیڈروں کی چوٹی کانفرنس کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی اور انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو سے ملاقات کی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران لیڈروں نے G20کے تئیں اپنی مشترکہ وابستگی کا اظہار کیا، جو بین الاقوامی اقتصادی تعاون کے لیے اہم فورم ہے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران رہنماؤں نے اہم عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے پائیدار اور جامع ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے بڑی معیشتوں کو اکٹھا کرنے کی اپنی اجتماعی صلاحیت پر روشنی ڈالی، جس میں موسمیاتی، توانائی اور خوراک کے بحرانوں سے نمٹنے ، عالمی صحت کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور تکنیکی انقلاب کو فروغ دینے کے امور شامل ہیں۔وائیٹ ہاؤس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی وباء سے نمٹنے کی کامیابی سے ہندوستان کی G20صدارت کے دوران صحت اور مالیاتی تعاون کو مضبوط بنانے کی بنیاد پڑ گئی ہے ۔میٹنگ میں بائیڈن نے کہا کہ امریکہ موسمیاتی تبدیلی، وبائی امراض، کساد بازاری، غربت اور پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول، جامع ترقی، اقتصادی سلامتی اور عالمی سپلائی کو مضبوط کرنے جیسے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے کثیر جہتی مالیاتی اداروں کے لیے بہتر اور جدید فینانسنگ ماڈل تیار کرنے کے تئیں پرعزم ہے اور وہ جی 20 کی عالمی قیادت کی حمایت جاری رکھے گا۔دونوں قائدین نے باہمی تعلقات کو بدستور آگے بڑھانے اور تقویت پہنچانے کا عہد کیا ہے۔