مودی اور امیت شاہ کی بی جے پی کسان مورچہ میں شرکت کی توثیق

,

   

گورکھپور (یوپی) 21 فروری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے کسان مورچہ جوکہ دو روزہ تقریب ہے، اِس کی تیاریاں عروج پر ہیں۔ 23 اور 24 فروری کو منعقد شدنی اِس کسان مورچہ میں نہ صرف وزیراعظم نریندر مودی شرکت کریں گے بلکہ بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ کے علاوہ مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ بھی صدارتی خطبہ دیں گے۔ تفصیلات کے بموجب 22 اور 23 فروری کو مجوزہ کسان مورچہ کا افتتاح بی جے پی کے صدر امیت شاہ کریں گے۔ جبکہ 24 فروری کو راجناتھ سنگھ صدارتی خطبہ دیں گے۔ اتوار کو وزیراعظم نریندر مودی کسانوں کی ریالی سے خطاب کریں گے۔ گورکھپور میں منعقد شدنی یہ تقریب دراصل یہاں موجود 11 لوک سبھا نشستوں پر بی جے پی کی انتخابی مہم کا حصہ مانا جارہا ہے۔ اختتامی دن امیت شاہ، وزیرداخلہ کے علاوہ وزیر زراعت رادھا موہن سنگھ، بی جے پی کے سٹی پریسڈنٹ راہول سریواستو کی موجودگی میں ریالی کو مخاطب کریں گے۔ اِس موقع پر مودی 7 پراجکٹس کا بھی افتتاح کریں گے جوکہ یہاں مکمل ہوگئے ہیں۔ 22 جولائی 2016 ء کو مودی نے یہاں چند پراجکٹس کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔