مودی اپوزیشن پر الزامات عائد کررہے ہیں لیکن

   

اپنی حکومت کی کارکردگی کا حساب نہیں دیتے: شردپوار
تھانے۔10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) صدر این سی پی شرد پوار نے اپوزیشن پارٹیوں کی جانب سے اپنی پہلی تقریر میں الزام عائد کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی اپوزیشن پر اپنی تقریروں میں تنقید کرتے رہتے ہیں لیکن انہوں نے گزشتہ پانچ سال سے اپنی حکومت کی کارکردگی سے متعلق کوئی رپورٹ نہیں دی اور اس حکومت نے گزشتہ پانچ سال کے دوران سوائے متنازعہ رافیل سودے کے اور کچھ نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر شخص جانتا ہے کہ مودی نے اپنے خاندان کیساتھ کیا کیا ہے اور اب وہ ہمارے خاندانی امور میں اپنی ناک گھسیڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی جواہر لال نہرو پر بھی تنقید کرتے ہیں جو ملک کے پہلے وزیراعظم تھے جنہوں نے ملک میں آزادی کے بعد صنعتی انقلاب لایا تھا۔ پوار نے کہا کہ آنجہانی وزیراعظم اندرا گاندھی نے پاکستان کی جانچ کی اور راجیو گاندھی نے ٹیلی ویژن کی دنیا میں انقلاب لایا۔ کمپیوٹرس اور موبائیل ٹیکنالوجی متعارف کروائی۔ مودی نے کرنسی نوٹ مسنوخ کیئے اور ملک کو تباہ کردیا۔ مودی نے کبھی یہ جاننے کی کوشش نہیں کی کہ رافیل فرانسیسی طیاروں سے ملک کو کیا فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت تشکیل پانے پر وہ اس کی تحقیقات کرے گی اور تفصیلات کا پتہ چلائے گی۔ جبکہ کانگریس نے رافیل سودے میں کرپشن کا الزام عائد کیا جس کی حکومت نے تردید کرتے ہوئے اپنی کسی بھی غلطی کو تسلیم نہیں کیا۔