مودی بات کو گھما کر مطلب ہی بدل دیتے ہیں: راہول

,

   

نئی دہلی : کانگریس رہنما راہول گاندھی نے 17 مارچ کو ممبئی میں ایک ریلی میں کہا تھا کہ ’’ہم شکتی سے لڑ رہے ہیں‘‘۔ ہمیشہ کی طرح اس بار بھی مودی جی تلنگانہ میں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے اس ’شکتی‘ کو ’ناری شکتی‘ کا جامہ پہنانے کی کوشش کی اور کہا کہ ’’میرے لیے ہر ماں-بیٹی ’شکتی‘ کا چہرہ ہے اور میں ان کے لیے اپنی جان کی بازی لگا دوں گا۔‘‘وہیں راہول گاندھی نے کہا اپنے بیان پر وضاحت پیش کردی۔ انہوں نے اپنا بیان ٹوئٹ کیا کہ ’’مودی جی کو میری باتیں اچھی نہیں لگتیں، کسی نہ کسی طرح انھیں گھما کر وہ ان کا مطلب ہمیشہ بدلنے کی کوشش کرتے ہیں، کیوں کہ وہ جانتے ہیں کہ میں نے ایک گہری حقیقت بیان کی ہے۔‘‘ انھوں نے مزید لکھا کہ جس شکتی کا میں نے ذکر کیا، اور جس شکتی سے ہم لڑ رہے ہیں، اس شکتی کا مکھوٹا مودی جی ہیں، وہ ایک ایسی شکتی ہے جس نے آج ہندوستان کی آواز کو، اداروں کو، سی بی آئی، انکم ٹیکس محکمہ، ای ڈی، الیکشن کمیشن، میڈیا، ہندوستان کی صنعتی دنیا اور ہندوستان کے پورے آئینی ڈھانچے کو اپنے چنگل میں دبوچ لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ’اسی شکتی کے لیے نریندر مودی ہندوستان کے بینکوں سے ہزاروں کروڑ روپے کے قرض معاف کراتے ہیں، جب کہ کسان چند ہزار روپے کا قرض نہ ادا کر پانے کے سبب خودکشی کرتا ہے، اس شکتی کو ہندوستان کے بندرگاہ، ہوائی اڈے دیے جاتے ہیں‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’اس شکتی کو میں بھی پہچانتا ہوں، مودی بھی پہچانتے ہیں، یہ کوئی مذہبی شکتی نہیں ہے، بدعنوانی اور جھوٹ کی شکتی ہے۔‘‘