مودی جی میرے بھائی سے سیکھیں، وہ قوم کیلئے گالی کیا گولی کھانے بھی تیار

,

   

پرینکا گاندھی کاکرناٹک کے جمکھنڈی اور خانہ پور میں انتخابی ریالی سے خطاب، عوام سے کئی وعدے

بنگلورو: کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے کہاکہ مودی جی میرے بھائی سے سیکھیں۔ میرے بھائی کا کہنا ہے کہ میں ملک کی خاطر گالی کھانے اور گولی کھانے کو بھی تیار ہوں۔ وزیر اعظم نے ایک فہرست بنائی کہ ان کے ساتھ 91 بار زیادتی ہوئی اور گالیاں دی گئیں جبکہ ان لوگوں نے میرے گھر والوں کو جو گالیاں دیں ان کی فہرست بنانے کیلئے پوری کتاب چھاپنی پڑے گی۔پرینکا گاندھی نے یہ باتیں کرناٹک کے جمکھنڈی میں اتوار کو ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ انہوں نے کڑاچی میں روڈ شو بھی کیا۔ پرینکا گاند ھی نے کہاکہ وزیراعظم عوامی مسائل کی فہرست نہیں بناتے ہیں۔ پرینکا گاندھی نے کہاکہ وزیراعظم کے دفتر میں بیٹھ کر کسی نے فہرست بنائی ہے۔ وہ فہرست عوام یا کسانوں کے مسائل کی نہیں ہے۔ اس فہرست میں یہ معلومات موجود ہیں کہ مودی جی کو کس نے اور کتنی بار گالی دی ہے۔پرینکا نے کہا کہ مودی جی کو دی گئی گالیاں ایک پیج پر آرہی ہیں۔ ان لوگوں نے میرے گھر والوں کو دی گئی زیادتیوں کی فہرست بناؤں تو انہیں چھاپنے کے بعد کتاب ملے گی۔پرینکا نے کہا کہ میں نے پہلے ایسے وزیراعظم کو دیکھا ہے، جو عوام کے سامنے روتا ہے کہ وہ مجھے گالی دے رہے ہیں۔ وزیراعظم عوام کے دکھ سننے کے بجائے ان سے اپنا دکھ بیان کرتے ہیں۔ مودی جی کو ہمت کرنی چاہئے۔ یہ ہے عوامی زندگی۔ سب کچھ برداشت کرنا پڑتا ہے، حوصلہ رکھنا پڑتا ہے، آگے بڑھنا پڑتا ہے۔ آپ لوگوں کی بات سنیں تو بہتر ہوگا۔پرینکا گاندھی نے کرناٹک کے خانہ پور میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ریاست کی موجودہ بی جے پی حکومت پر سخت تنقید کی ہے۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے کرناٹک سے 1.50 لاکھ کروڑ روپے لوٹ لئے ہیں۔ یہ لوٹ مار اور جھوٹ کی حکومت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس رقم سے کرناٹک میں 100 ایمس اسپتال، 30,000 بچوں کیلئے اسمارٹ کلاس روم، 30 لاکھ غریبوں کیلئے گھر بنائے جا سکتے تھے۔کانگریس جنرل سکریٹری نے بدعنوانی کے معاملے پر ریاستی حکومت کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے کرناٹک میں ایم ایل اے خرید کر ایسی حکومت بنائی جس کی نیت شروع سے ہی غلط تھی۔ اس کے نتیجے میں ریاست میں نظم و نسق میں کمی آئی ہے، وزیر اعلیٰ بدلے گئے، جس سے ترقیاتی کام رک گئے، بدعنوانی ہوئی ہے۔ آج کرناٹک میں بی جے پی حکومت 40 فیصد کمیشن والی حکومت کے طور پر جانی جاتی ہے۔پرینکا گاندھی نے کہا کہ اس الیکشن میں مہنگائی، بے روزگاری مسائل ہیں۔ اگر بی جے پی لیڈر عوام کی توجہ ہٹانا چاہتے ہیں تو انہیں ایسا کرنا چاہئے، ہم ایسا نہیں کریں گے۔ پرینکا گاندھی نے اسٹیج سے کرناٹک کی خواتین کیلئے کئی اہم اعلانات کیے۔ انہوں نے بتایا کہ اگر ان کی پارٹی ریاست میں انتخابات کے بعد حکومت بناتی ہے تو وہ ریاست کی خواتین کیلئے کیا کرے گی۔ اس موقع پرپرینکا گاندھی نے کئی اعلانات کئے جن میںآنگن واڑی بہنوں کا اعزازیہ 15000 روپے کیا جائے گا۔منی آنگن واڑی بہنوں کا اعزازیہ 10000 روپے تک کیا جائے گا۔آشا بہنوں کا اعزازیہ 8000 روپے ہوگا۔مڈ ڈے میل بہنوں کا اعزازیہ بڑھا کر 5000 روپے کیا جائے گا اورآنگن واڑی سے ریٹائرمنٹ کے بعد 3 لاکھ روپے اور منی آنگن واڑی سے ریٹائرمنٹ کے بعد 2 لاکھ روپے دیئے جائیں گے وغیرہ شامل ہیں ۔