مودی حکومت کی ناکامیوں کو اجاگر کرنے کانگریس کا فیصلہ

   

نئی دہلی کے اجلاس میں اتم کمار ریڈی اور وجئے شانتی کی شرکت
حیدرآباد ۔ 19۔ فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ کے کانگریس قائدین نے لوک سبھا انتخابات میں مودی حکومت کی ناکامیوں کو اجاگر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ نئی دہلی میں کانگریس وار روم میں آج اے آئی سی سی پبلسٹی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں تلنگانہ سے صدرپردیش کانگریس اتم کمار ریڈی ، راج گوپال ریڈی اور فلم اسٹار وجئے شانتی نے شرکت کی ۔ اجلاس میں لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کی انتخابی مہم کے بارے میں ملک کی مختلف ریاستوں کے قائدین سے رائے حاصل کی گئی۔ مودی حکومت کی ناکامیوں خاص طور پر عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکامی کو گاؤں گاؤں تک پہنچانے کا فیصلہ کیا گیا۔ بعد میں وجئے شانتی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات میں عوام کی ترجیحات مختلف ہوتی ہیں۔ لوک سبھا الیکشن قومی مسائل پر لڑا جاتا ہے اور کانگریس پارٹی مرکزی حکومت کی مخالف عوام پالیسیوں اور فیصلوں سے ہوئے نقصانات کو اجاگر کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات راہول بمقابلہ مودی رہیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ میں راہول اور سونیا گاندھی کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں بھی بات چیت کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس کا موقف مستحکم ہے اور لوک سبھا انتخابات کے نتائج کانگریس کے حق میں حوصلہ افزاء رہیں گے۔