مودی نے ’’بھارت رتن‘‘ کا بازار کھول رکھا ہے : ادھو ٹھاکرے

   

چھترپتی سمبھاجی نگر: شیو سینا (یو بی ٹی) کے سربراہ اور مہاراشٹرا کے سابق وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے نے کہا ہے کہ بی جے پی اب آیارام پارٹی بن چکی ہے اور ایک وقت آئے گا جب کانگریس کے لیڈر اس کے صدر ہوں گے ۔پیر کی رات یہاں ٹی وی سنٹر میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ٹھاکرے نے کہا کہ اشوک چوہان لیڈر نہیں بلکہ ایک ڈیلر ہیں اور سابق وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے ناندیڑ میں ان کے ساتھ معاہدہ کیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ اگر نریندر مودی بی جے پی میں چوہان کو راجیہ سبھا کی نشست دے رہے ہیں، تو ہم بھی یہی سوچیں گے کہ انہوں نے (مودی) نے شہیدوں کی توہین کی ہے کیونکہ گزشتہ لوک سبھا انتخابات کی مہم کے دوران وزیر اعظم نے چوہان پر شہیدوں کی توہین کرنے کا الزام لگایا تھا۔ جب میرے کارکنوں کو مارا جا رہا تھا تو کیا وزیر داخلہ سو رہے تھے ؟ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹرا میں ایسا جرم کبھی نہیں دیکھا۔ فڑنویس پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب ان کا موازنہ کسی جانور سے کرنا اس جانور کی توہین ہوگی۔ عبدالستار کا نام لیے بغیر انہوں نے کہا کہ اگر ہم اقتدار میں آئے تو انہیں جیل میں ڈال دیں گے ۔ میری پارٹی کے وفادار کارکنان غداروں کو نہیں چھوڑیں گے اور آنے والے الیکشن میں سبق سکھائے بغیر نہیں رہیں گے ۔ بی جے پی کے پاس ہندوتوا کے جعلی بیج ہیں، لیکن ہمارے پاس اصلی لوگ ہیں۔ مودی پر بھارت رتن کا بازار کھڑا کرنے کا الزام لگاتے ہوئے ، ٹھاکرے نے کہاکہ پندرہ دنوں کے اندر پانچ لوگوں کو بھارت رتن قرار دیا گیا۔