مودی کوشکست کا یقین، ہندوؤں اور مسلمانوں میں نفرت پیدا کرنے کی کوشش

   

چیف منسٹر ریونت ریڈی کا الزام، حکومت کو غیر مستحکم کرنے کے سی آر کی سازش، انتخابی ریالیوں سے خطاب

حیدرآباد ۔ 22 ۔ اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے وزیراعظم نریندر مودی پر ملک میں ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان نفرت کے جذبات بھڑکاکر سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا چناؤ میں نریندر مودی کو شکست کا یقین ہوچکا ہے اور انہوں نے مذہبی منافرت کی سیاسی کو اختیار کرتے ہوئے سماج کو تقسیم کرنے کی کوشش کی ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج عادل آباد ، نظام آباد اور ملکاجگری لوک سبھا حلقوں میں کانگریس امیدواروں اے سگنا ، ٹی جیون ریڈی اور سنیتا مہیندر ریڈی کی انتخابی ریالیوں سے خطاب کیا۔ نظام آباد کے جلسہ عام میں وزیراعظم نریندر مودی کی راجستھان میں کی گئی زہر افشانی کا حوالہ دیتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ دستور ہند پر حلف لینے والے وزیراعظم کو زیب نہیں دیتا کہ مذاہب کے درمیان منافرت پیدا کریں۔ وزیراعظم کو چاہئے کہ وہ اس طرح کی بکواس سے پہلے دستور ہند کا مطالعہ کریں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ہندوستان ایک سیکولر ملک ہے اور ڈاکٹر بی آر امبیڈکر نے جو دستور تیار کیا ہے، اس میں تمام مذاہب کو آزادی دی گئی ہے ۔ وزیر اعظم یقینی شکست سے خوفزدہ ہوکر مذاہب کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی ملک میں جب بھی برسر اقتدار رہی ، اس نے دلتوں ، آدیواسیوں اور او بی سی طبقات کو ان کا جائز حق دیا ہے۔ ملک میں کسی کو اختیار نہیں کہ وہ دوسرے کی جائیداد چھین کر تقسیم کردے۔ نریندر مودی 13 برس تک گجرات کے چیف منسٹر رہے اور 10 برسوں سے وزیراعظم کے عہدہ پر فائز ہیں لیکن انہیں دستور ہند سے واقفیت نہیں ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ والد کی جائیداد بطور وراثت تقسیم کی جاتی ہے اور ایک بھائی کی جائیداد دوسروں میں تقسیم کرنے کیلئے قانون موجود ہے لیکن وزیراعظم ہندوؤں کی جائیدادوں کو مسلمانوں میں تقسیم کرنے کی بات کرتے ہوئے مذاہب کے درمیان نفرت پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم کو مشورہ دیا کہ اس طرح کی زہر افشانی سے عوام کو دھوکہ نہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ مذہب کی بنیاد پر سماج کی تقسیم سے ملک کو نقصان ہوگا اور یہ ملک کے اتحاد اور سالمیت کے حق میں نہیں ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ مذہب کی بنیاد پر سیاست کرنے والی بی جے پی کو شکست سے دوچار کریں۔ ریونت ریڈی نے بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر پر بی جے پی کے ساتھ مل کر کانگریس حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے 10 برسوں میں بیروزگاروں کو روزگار فراہم نہیں کیا جبکہ کانگریس حکومت نے تین ماہ میں 30 ہزار جائیدادوں پر تقررات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت کو گرانے کی کوششوں پر نوجوان خاموش نہیں رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈسمبر میں عوام نے کے سی آر کو سبق سکھایا اور لوک سبھا چناؤ میں نریندر مودی کو سبق سکھائیں گے۔ ریونت ریڈی نے 15 اگست سے قبل کسانوں کو دو لاکھ روپئے قرض معافی اسکیم پر عمل آوری کا وعدہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے تین ماہ کے اندر 6 ضمانتوں میں 5 پر عمل آوری کا آغاز کردیا ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اگر جیون ریڈی کو بھاری اکثریت سے منتخب کیا جائے تو وہ مرکز کی انڈیا الائنس حکومت میں وزیر زراعت ہوں گے۔ چیف منسٹر نے تینوں لوک سبھا حلقہ جات کی ترقی کا عوام سے وعدہ کیا۔ چیف منسٹر کے دورہ کے موقع پر مقامی عوام کی جانب سے مسائل پر نمائندگی کی گئی۔ ریونت ریڈی نے تمام طبقات کے ساتھ یکساں انصاف کا وعدہ کیا۔ 1