مودی کھرگے کے اسٹیج کے ’شدھی کرن‘کے قصورواروں پر کارروائی یقینی بنائیں:پرینکا

   

نئی دہلی، 30 اگست (یواین آئی) کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے وزیراعظم نریندر مودی سے اتراکھنڈ میں کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کی ریلی کے بعد ان کے اسٹیج کے مبینہ ’شُدھی کرن‘کے واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے اور درج فہرست ذات و درج فہرست قبائل (مظالم کی روک تھام) ایکٹ کے تحت کارروائی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے ۔پرینکا نے ایکس پر اتوار کو لکھا کہ ہلدوانی میں کھرگے کی ریلی کے بعد بی جے پی ۔آر ایس ایس کے لوگوں نے ان کے اسٹیج کا ’شدھی کرن‘کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ نہ صرف انتہائی قابلِ مذمت اور شرمناک سوچ کی علامت ہے بلکہ آئین اور ایس سی/ایس ٹی ایکٹ کی شدید خلاف ورزی اور قانونی جرم ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کو 20 دن گزر چکے ہیں، لیکن وزیراعظم اور ان کی حکومت کی جانب سے اب تک کوئی کارروائی نہیں ہوئی ہے ۔
انہوں نے سوال کیا کہ مسٹرمودی کو بتانا چاہیے کہ اس کی وجہ کیا ہے ۔واڈرا نے کہا کہ اگر وزیراعظم واقعی آئین کا احترام کرتے ہیں تو اتراکھنڈ میں اس جرم کو انجام دینے والے لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائیں اور ایس سی/ایس ٹی ایکٹ کے تحت کارروائی یقینی بنائیں۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہول گاندھی کی ہفتے کے روز اس معاملے پر یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس کی ایک ویڈیو بھی ‘ایکس’ پر پوسٹ کی ہے ۔