مودی کی انٹونیو گوئٹریس اور بورس جانسن سے ملاقاتیں

,

   

سکریٹری جنرل اقوام متحدہ سے اہم مسائل پر تبادلہ خیال، برطانوی وزیراعظم سے باہمی امور پر بات چیت

بیارٹیز۔25 اگست (سیاست ڈاٹ کام) فرانس میں جی۔7 چوٹی کانفرنس کے موقع پر وزیراعظم نریندر مودی کے اپنے برطانوی ہم منصب بورس جانسن اور اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل اینٹونیو گوئٹریس سے باہمی مفادات کے وسیع تر امور ومسائل پر ثمرآور مذاکرات ہوئے۔ جنوب مغربی فرانس کے سمندری ساحل پر واقع قدرتی مناظر سے مزین پرفضاء ٹائون بیارٹز میں دنیا کے سات صنعتی طور پر ترقی یافتہ دولتمند ممالک کی تنظیم جی۔7 کی چوٹی کانفرنس کے موقع پر مودی اور گوئٹریس نے یہ ملاقات کی۔ وزیراعظم مودی خلیج عرب کی ریاست بحرین کے دورہ کے بعد یہاں پہونچے تھے۔ وزیر اعظم کے دفتر (پی ایم او) نے ٹوئٹر پر لکھا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل اینٹونیو گوئٹریس سے ملاقات کی۔ دونوں قائدین نے وسیع تر موضوعات پر ثمرآور بات چیت کی۔ واضح رہے کہ حکومت ہند کی جانب سے جموں و کشمیر کے خصوصی موقف کی تنسیخ اور اس ریاست کو دو مرکزی زیر انتظام علاقوں میں تقسیم کئے جانے کے پس منظر میں ان دونوں قائدین کی یہ پہلی ملاقات و بات چیت تھی۔ قبل ازیں گوئٹریس نے ہندوستان اور پاکستان پر زیادہ سے زیادہ صبروتحمل کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا تھا اور کہا تھا کہ ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جن سے جموں و کشمیر کا موقف متاثر ہوسکتا ہے۔ انہوں نے شملہ معاہدہ کا حوالہ بھی دیا تھا جس میں کسی تیسرے فریق کی ثالثی کے امکان کو مسترد کردیا گیا تھا۔ بعدازاں وزیراعظم مودی نے اپنے برطانوی ہم منصب بورس جانسن سے ملاقات کی۔ وزارت امور خارجہ میں ترجمان راویش کمار نے ٹوئٹر پر لکھا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی برطانوی وزیراعظم بورس جانسن سے ایک اچھی ملاقات و بات چیت ہوئی۔ جس میں باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے مختلف امکانات اور راستوں پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم کے دفتر نے ٹوئٹر پر لکھا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے وزیراعظم جانسن کو تیسرے ایشیس ٹسٹ میں انگلینڈ کو کچھ دیر قبل ملنے والی شاندار فتح پر مبارکباد دیتے ہوئے بات چیت کا آغاز کیا۔