شملہ :سینٹر آف انڈین ٹریڈ یونین کے ہماچل پردیش کے صدر وجیندر مہرا نے الزام لگایا کہ مودی حکومت کی نیو لبرل اور سرمایہ دار نواز پالیسیوں کی وجہ سے بے روزگاری، غربت، عدم مساوات اور روزی روٹی کا بحران بڑھ رہا ہے ۔ سی آئی ٹی یو کی میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ مودی حکومت کی مزدور، کسان، ملازم اور عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف یکم فروری کو شملہ، رام پور اور روہڑو میں مظاہرے کیے جائیں ۔ 24 جنوری کو شملہ، رام پور، روہڑو، کمارسین، تھیوگ، بسنت پور میں آنگن واڑی، آشا اور مڈ ڈے میل ورکرس کے مطالبات پر مظاہرے ہونگے ۔ تعمیراتی مزدوروں کیلئے منریگا اور لیبر ویلفیئر بورڈ کے معاشی فوائد کی بحالی پر 29 جنوری سے 10 فروری تک عوامی مہم چلائی جائیگی۔مسٹر مہرا نے کہا کہ یکم فروری کا احتجاج مزدوروں کی کم از کم اجرت 26,000 روپے اعلان کرنے ، چار مزدور مخالف لیبر کوڈ کو منسوخ کرنے ، کسانوں کو کم از کم امدادی قیمت دینے ، سوامی ناتھن کمیشن کی سفارشات کو نافذ کرنے کے مطالبات پر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کی نیو لبرل اور سرمایہ دار حامی پالیسیوں کی وجہ سے بے روزگاری، غربت، عدم مساوات اور روزی روٹی کا بحران بڑھتا جا رہا ہے ۔ بے روزگاری اور مہنگائی کی وجہ سے غربت اور فاقہ کشی بڑھ رہی ہے ۔