موسم خوشگوار ہنوز انتظامیہ چوکس، عوام سے محتاط رہنے کی اپیل

   

سنگاریڈی میں بارش کی سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے کنٹرول روم کا قیام: کلکٹر

نشیبی علاقوں کی مسلسل نگرانی
سنگاریڈی 30 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر پرتک جین نے کہا کہ ضلع سنگاریڈی میں شدید بارش کی پیش گوئی اور مسلسل مانسون کے پیش نظر ضلع انتظامیہ مکمل طور پر الرٹ ہو گئی ہے۔ ضلع کلکٹر پرتیک جین نے عوام کی سہولت اور ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹنے کے لیے ضلع کلکٹریٹ میں 24 گھنٹے کنٹرول روم قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب ضلع کے مختلف منڈلوں میں جمعرات 30 جولائی کو ہلکی سے موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ ضلع کی اوسط بارش 16.1 ملی میٹر درج کی گئی۔ضلع کلکٹر نے بتایا کہ کنٹرول روم میں موصول ہونے والی عوامی شکایات، نقصانات اور ہنگامی اطلاعات کو فوری طور پر متعلقہ محکموں تک پہنچا کر بروقت کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ اگر شدید بارش کے باعث سیلاب، سڑکوں کی بندش، درخت گرنے، بجلی کی فراہمی میں خلل یا کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال پیش آئے تو فوری طور پر 08455-276155 پر اطلاع دیں۔انہوں نے کہا کہ کنٹرول روم میں عملے کو تین شفٹوں میں تعینات کیا گیا ہے تاکہ ہر شکایت کو فوری رجسٹر کرکے متعلقہ تحصیلدار اور دیگر محکموں تک پہنچایا جا سکے۔ ضلع کلکٹر نے ریونیو، پولیس، پنچایت راج، میونسپل، محکمہ بجلی، محکمہ صحت اور فائر بریگیڈ سمیت تمام متعلقہ محکموں کو باہمی تعاون کے ساتھ کام کرتے ہوئے پیشگی حفاظتی اقدامات مکمل رکھنے کی ہدایت دی ہے محکمہ موسمیات کی بارش رپورٹ کے مطابق کانگٹی میں 47.9 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جو ضلع میں سب سے زیادہ رہی، جبکہ سرگاپور میں 42.7 ملی میٹر بارش ہوئی۔ اس کے علاوہ موگدم پلی میں 22.8 ملی میٹر، کلہیر میں 22.6 ملی میٹر، گمڈی ڈالا میں 21.0 ملی میٹر، نظام پیٹ میں 20.8 ملی میٹر، ناگلگڈہ اور منور میں 20.2، 20.2 ملی میٹر، نارائن کھیڑ میں 18.8 ملی میٹر، جنارم میں 18.7 ملی میٹر، جھراسنگم میں 17.4 ملی میٹر، واٹ پلی میں 15.9 ملی میٹر، ہتنورہ میں 15.6 ملی میٹر، سنگاریڈی میں 14.0 ملی میٹر، پلکل میں 13.7 ملی میٹر، ظہیرآباد میں 11.7 ملی میٹر، کاندی میں 11.0 ملی میٹر، کونڈہ پور میں 10.9 ملی میٹر، رائیکوڈ میں 10.8 ملی میٹر، مونی پلی میں 10.6 ملی میٹر، پٹنچیرو میں 10.0 ملی میٹر، آر۔سی۔ پورم میں 9.8 ملی میٹر، چوٹکور میں 9.6 ملی میٹر، اندول میں 9.5 ملی میٹر، نیالکل میں 7.5 ملی میٹر، سداشیوپیٹ میں 6.4 ملی میٹر، امین پور میں 5.3 ملی میٹر جبکہ کوہیر میں 4.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جو ضلع میں سب سے کم رہی۔ضلع کلکٹر پرتیک جین نے عوام سے اپیل کی کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں، ندی نالوں، تالابوں اور سیلابی پانی کے قریب جانے سے گریز کریں، بچوں پر خصوصی نظر رکھیں اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات اور انتباہات پر سختی سے عمل کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔بارش کے باعث ضلع کے بیشتر علاقوں میں موسم خوشگوار ہو گیا ہے اور کسانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ زرعی ماہرین کے مطابق یہ بارش خریف سیزن کی فصلوں، خصوصاً دھان، مکئی اور کپاس کے لیے نہایت مفید ثابت ہوگی، تاہم نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے امکانات کے پیش نظر متعلقہ محکموں کو مسلسل نگرانی اور فوری امدادی کارروائیوں کے لیے تیار رہنے کی ہدایت دی۔