موسیٰ رام باغ کا شخص آن لائن دھوکہ دہی کا شکار

   

حیدرآباد۔/2 جون، ( سیاست نیوز) آن لائن دھوکہ دہی کرنے والے افراد نے موسی رام باغ سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو لندن سے تحفہ بھیجنے کے بہانے ٹھگ لیا۔ سائبر کرائم پولیس کے بموجب ملک پیٹ کے علاقہ موسی رام باغ سے تعلق رکھنے والے جان کو اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر ڈومنک اسمتھ کے نام سے فرینڈ ریکویسٹ حاصل ہوا تھا اور اس نے اسے قبول کرتے ہوئے چیاٹنگ شروع کی۔ دھوکہ باز اسمتھ نے اسے چیاٹنگ کے ذریعہ بتایا کہ وہ ایک قیمتی تحفہ برطانیہ سے بھیجنا چاہتا ہے اور اس کے لئے دہلی سے کارگو سیکشن سے کارروائی کرنی پڑے گی۔ دھوکہ بازوں نے جان کو فون کرتے ہوئے اسے یقین دلایا کہ اس کا پارسل دہلی پہنچ چکا ہے اور ایک لاکھ 17 ہزار روپئے ادا کرنے پر اس کے گھر پہنچا دیا جائے گا اور اس رقم کی ادائیگی نہ کرنے پر اسے قانونی پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ جان نے فوری دھوکہ بازوں کے اکاؤنٹ میں مذکورہ رقم منتقل کی اور بعد ازاں دھوکہ دہی کا شکار ہونے کا علم ہونے پر سائبر کرائم پولیس میں شکایت درج کرائی ۔ پولیس نے اس ضمن میں مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ہے۔