حیدرآباد 22 ستمبر (سیاست نیوز) شہر کے انچارج وزیر پونم پربھاکر نے مجوزہ موسیٰ ریور ڈیولپمنٹ پراجکٹ کے باعث متاثر ہونے والے خاندانوں سے انصاف کرنے کا تیقن دیا۔ وزیر موصوف نے شہریوں سے کہاکہ وہ پریشان نہ ہوں اور اس پراجکٹ کی تکمیل کے سلسلہ میں حکومت سے تعاون کریں۔ انھوں نے چنچل گوڑہ میں 2BHK ہاؤزنگ پراجکٹ سائیٹ کا معائنہ کیا جہاں 284 ڈبل بیڈ روم یونٹس تعمیر کئے گئے ہیں۔ ان کے ہمراہ مقامی رکن اسمبلی احمد بن عبداللہ بلعلہ، پرنسپل سکریٹری (اربن ڈیولپمنٹ) دانا کشور، جی ایچ ایم سی کمشنر امراپالی کٹا، حیدرآباد ڈسٹرکٹ کلکٹر انودیپ دوری شیٹی اور دیگر سینئر عہدیدار موجود تھے۔ اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کے عہد کا تذکرہ کیا جو موسیٰ ندی کے کناروں کو ایک بڑے سیاحتی مرکز میں تبدیل کرنے کا ہے یہ ایک ایسا پراجکٹ ہے جس سے حیدرآباد کے گلوبل امیج میں اضافہ ہوگا۔ انھوں نے عوام کو تیقن دیا کہ موسیٰ ندی کو ترقی دینے کے کام سے متاثر اور بیدخل ہونے والوں کو ڈبل بیڈ روم مکانات فراہم کئے جائیں گے۔