پراجکٹس میں کمیشن و کرپشن، آئندہ حکومت بی آر ایس کی ہوگی، راجندر نگر کارکنوں سے خطاب
حیدرآباد۔ 21 جون (سیاست نیوز) بی آر ایس ورکنگ صدر کے ٹی راما راؤ نے الزام عائد کیا کہ کانگریس حکومت موسیٰ ندی ترقیاتی پراجکٹ کے نام پر بڑے پیمانے پر غریبوں اور متوسط طبقات کو بے گھر کرکے مکانات کو منہدم کررہی ہے۔ راجندر نگر اسمبلی حلقہ میں پارٹی کارکنوں سے خطاب میںکے ٹی آر نے کہا کہ مہاتما گاندھی کے پوترے تشار گاندھی نے بھی موسیٰ ندی پراجکٹ کے نام پر غریبوں کے مکانات کے انہدام کی مخالفت کی ہے۔ اعتراضات کے باوجود چیف منسٹر ریونت ریڈی ہزاروں خاندانوں کو بے گھر کرنے پر آمادہ ہیں تاکہ پراجکٹ کے ذریعہ کمیشن اور مالی فائدہ حاصل کیا جائے۔ مہاتما گاندھی کے مجسمہ کی تنصیب کی تجویز پر چیف منسٹر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ ریونت ریڈی زبان سے گاندھی کا نام لیتے ہیں لیکن وہ گوڈسے کے نظریات پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ہزاروں خاندانوں کو بے گھر کرکے ریونت ریڈی پراجکٹ کی تکمیل چاہتے ہیں لیکن عوام اسے پورا ہونے نہیں دیں گے۔ موسیٰ ندی پراجکٹ میں حکومت کو بی جے پی کی تائید کا الزام عائد کرکے کے ٹی آر نے کہا کہ ریونت ریڈی اور نریندر مودی آپس میں بڑے بھائی اور چھوٹے بھائی کی طرح ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر بی جے پی کو غریبوں کے مفادات عزیز ہیں تو مودی کو پراجکٹ کی مخالفت کرنی چاہئے۔ بی جے پی قائدین کے بیانات کے باوجود مرکزی حکومت پراجکٹ کی منظوریاں دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسیٰ ندی پراجکٹ کے بھاری مصارف کو عوام سے وعدوں کی تکمیل پر خرچ کرنا چاہئے۔ کانگریس کی 30 ماہ کی حکمرانی کو اٹر فلاپ رہی ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ عوام آئندہ الیکشن میں سیاسی تبدیلی کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی نصف میعاد ختم ہوچکی اور فلم کا انٹرویل ہوچکا ہے۔ ریاست میں آئندہ حکومت بی آر ایس کی ہوگی۔ کے ٹی آر نے فیوچر سٹی اور دیگر پراجکٹس میں کرپشن کا الزام عائد کیا اور کہا کہ کے سی آر کی قیادت میں بی آر ایس دوبارہ برسر اقتدار آئے گی اور عوام سے انصاف ہوگا۔ رکن اسمبلی سبیتا اندرا ریڈی، رکن کونسل وانی دیوی اور دیگر قائدین نے خطاب کیا۔ 1؍F