وزیر پونم پربھاکر کا ڈبل بیڈروم مکانات کا معائنہ ، 12 ہزار غیرمجاز تعمیرات کی نشاندہی
حیدرآباد ۔21 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے موسیٰ ندی کو ترقی دینے اور صاف صفائی کے کاموں کا اتوار سے آغاز کررہی ہے۔ موسیٰ ندی کے آبگیر علاقوں میں 12 ہزار غیرمجاز تعمیرات ہونے کی نشاندہی کرتے ہوئے یہاں کے مکینوں کو ڈبل بیڈروم مکانات میں منتقل کرنے کی تیاریاں کررہی ہے۔ ریاست میں کانگریس حکومت قائم ہونے کے بعد چیف منسٹر اے ریونت ریڈی موسیٰ ندی پراجکٹ کو ترقی دینے کیلئے خصوصی دلچسپی دکھارہے ہیں۔ بیرونی ممالک کے دوروں کے دوران بھی موسیٰ ندی کو ترقی دینے کیلئے مختلف ندیوں کا معائنہ کیا ہے اور ماہرین سے بھی تبادلہ خیال کیا ہے۔ موسیٰ ندی کے آبگیر علاقوں میں جو مکانات تعمیر کئے گئے ہیں، انہیں منہدم کردینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہاں مقیم عوام کو بے گھر کرنے کے بجائے ڈبل بیڈروم مکانات دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پہلے مرحلہ میں موسیٰ ندی کے آبگیر علاقوں میں جو مکانات تعمیر کئے گئے ہیں، انہیں منہدم کیا جائے گا۔ ریاستی وزیرٹرانسپورٹ و بی سی ویلفیر حیدرآباد انچارج وزیر پرنم پربھاکر نے آج مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ پلی گڈسیلو میں تعمیر کردہ ڈبل بیڈروم مکانات کا معائنہ کیا۔ یہ ڈبل بیڈروم مکانات موسیٰ ندی کے متاثرین کو دینے کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ موسیٰ ندی کو تقریباً 55 کیلو میٹر تک ترقی دینے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے جہاں 12 ہزار غیرمجاز تعمیرات ہونے کی نشاندہی کی گئی ہے۔ غیرمجاز تعمیرات کو ہٹادینے کی ذمہ داری حیڈرا کو سونپ دینے کا علم ہوا ہے۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ چیف منسٹر نے موسیٰ ندی کو سیاحتی مرکز میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیاہے جس کے ترقیاتی کاموںکا آغاز کیا جارہا ہے۔ انہوں نے تعاون کرنے کی عوام سے اپیل کی ہے۔2