موسیٰ پیٹ بلدی ڈیویژن میں ششی دھر ریڈی کی انتخابی مہم، رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی کا آج دورہ

   

حیدرآباد۔ سابق ریاستی وزیر ایم ششی دھر ریڈی نے آج موسیٰ پیٹ بلدی ڈیویژن کے کانگریسی امیدوار کے حق میں انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ انہوں نے پدیاترا کے ذریعہ رائے دہندوں سے ملاقات کی اور علاقہ کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے کانگریس کو ووٹ دینے کی اپیل کی۔ ایم ششی دھر ریڈی اور ترجمان پردیش کانگریس کمیٹی جی نرنجن نے پانڈو رنگا نگر ، اونتی اور دیگر علاقوں میں کانگریس امیدوار جی رگھویندر کے ہمراہ دورہ کرتے ہوئے رائے دہندوں سے ربط قائم کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے بنیادی مسائل کی یکسوئی کو نظرانداز کردیا ہے۔ ایسے میں کانگریس امیدوار کی کامیابی علاقہ کی ترقی کی ضمانت بن سکتی ہے۔ گذشتہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے ٹی آر ایس امیدوار نے عوامی مسائل کی یکسوئی کو نظرانداز کردیا تھا۔ رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی کل موسیٰ پیٹ علاقہ کا دورہ کرتے ہوئے پارٹی کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔