موسی ندی کو خوبصورت بنانے عالمی سطح کی کمپنیوں کا غور و خوض

   

کمپنیوں کی دلچسپیاں ، 130 مربع کیلو میٹر کے پراجکٹ پر 60 ہزار کروڑ کے خرچ کا تخمینہ
حیدرآباد۔29۔مارچ(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ اور چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کے پسندیدہ موسیٰ ندی کو خوبصورت بنانے کے پراجکٹ پر سنجیدہ اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے اور عالمی سطح کی کمپنیوں کی جانب سے موسیٰ ندی کو خوبصورت بنانے کے پراجکٹ پرکام کیا جانے لگا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاستی حکومت کے متعلقہ اداروں کی جانب سے اس منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کے سلسلہ میں جاری اقدامات کے دوران تاحال 8 عالمی کمپنیوں نے اس پراجکٹ کو مکمل کرنے کے سلسلہ میں اپنی دلچسپیوں کا اظہار کیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ آئندہ چند ماہ کے دوران موسیٰ ندی پراجکٹ پر عملی کاموں کا آغاز کردیا جائے گا۔ریاست میں کانگریس نے اقتدار حاصل کرنے کے ساتھ ہی موسیٰ ندی کو خوبصورت بنانے کے منصوبہ کا اعلان کیا تھا اور چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے اس سلسلہ میں لندن کی تھیمس ندی کا دورہ کرتے ہوئے اس بات کا اعلان کیا تھا کہ موسیٰ ندی کو لندن کی تھیمس ندی کے طرز پر ترقی دینے کے اقدامات کئے جائیں گے۔چیف منسٹر کے اس منصوبہ کے اعلان کے بعد اب موسیٰ ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی جانب سے ندی کے کناروں پر موجود اراضیات اور کھلے مقامات کی نشاندہی کے اقدامات کا آغاز کیاجانے لگا ہے اور کہا جا رہاہے کہ آئندہ چند ہفتوں کے دوران کارپوریشن کو اس پراجکٹ میں دلچسپی کا اظہار کرنے والی کمپنیوں کے مکتوبات اور ڈیزائن کا جائزہ لینے کے لئے حکومت کی اعلیٰ سطحی کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا جائے گا اور اس کے بعد دیگر امور کو قطعیت دی جائے گی۔بتایاجاتا ہے کہ 130 مربع کیلومیٹر کے اس پراجکٹ کی ترقی کے لئے 60ہزار کروڑ کی تخمینہ لگایا جا رہاہے اور چیف منسٹر نے جو منصوبہ تیار کیا ہے اس کے مطابق موسیٰ ندی کو ترقی دینے کے لئے صرف اس کی صفائی یا اسے خوبصورت بنانے کے اقدامات نہیں کئے جائیں گے بلکہ رود موسیٰ کے کناروں کو ترقی دیتے ہوئے ان مقامات کو تجارتی مراکز میں تبدیل کرنے کے علاوہ اسے روزگار سے مربوط کیا جائے گا۔3