مولانا آزاد پر کیرالا میں قومی اُردو سمینار جامعہ ندویہ میزبان، حیدرآباد سے بھی پروفیسرز کی شرکت

   

حیدرآباد: ہندوستانی قوم پرستی اور سکیولرازم کے ذہین اور انقلابی قائد مولانا ابوالکلام آزاد کے مرکزی موضوع کے ساتھ ایک روز قومی اُردو سمینار ہفتہ 15 جنوری 2022ء کو کیرالا میں ضلع ملپورم کے ایڈاونا میں منعقد کیا جارہا ہے۔ قومی کونسل برائے فروغِ اردو زبان، حکومت ہند، نئی دہلی کی سرپرستی میں جامعہ ندویہ ایڈاونا اس سمینار کا اہتمام کررہی ہے۔ جامعہ ندویہ، مسلم اقلیتی ادارہ ہے جسے کیرالا ندوۃ المجاہدین نے قائم کیا، جو کیرالا میں سماجی، ثقافتی، تعلیمی اور نئی جہت دینے والی تحریک ہے۔ اس سمینار میں شرکت کیلئے رجسٹریشن 15 جنوری کو صبح 8.00 بجے سے 9.00 تک ہوگا۔ افتتاحی سیشن 9 تا 11 بجے مقرر ہے۔ جناب محمد شہاب الدین (ریسرچ اسسٹنٹ این سی پی یو ایل، نئی دہلی) مہمان خصوصی ہوں گے جبکہ اعزازی مہمانوں میں حیدرآباد سے ڈاکٹر محمد عرفان محی الدین (اسسٹنٹ پروفیسر، سینٹ جوزف کالج)، ڈاکٹر محمد عبدالرحمن (اسسٹنٹ پروفیسر، امجد علی خان کالج آف بزنس)، ڈاکٹر فضل اللہ شریف (اسسٹنٹ پروفیسر، اے کے ایم اورینٹل کالج) شامل ہیں۔ ڈاکٹر فضل اللہ انواری (سکریٹری، جامعہ ندویہ) کی استقبالیہ تقریر ہوگی۔ جناب ایم محمد مدنی (جنرل سکریٹری، کے این ایم) کا صدارتی خطاب اور جناب ٹی پی عبداللہ کویا (چیئرمین، جے این ای) کا افتتاحی خطبہ ہوگا۔ ڈاکٹر سید شجاع الدین قادری (صدر شعبہ عربی، یونیورسٹی کالج فار ویمن، کوٹھی، حیدرآباد) کلیدی خطبہ دیں گے۔