عازمین حج کی بہتر خدمت کا عزم، چیف منسٹر ریونت ریڈی سے اظہار تشکر
حیدرآباد ۔ 7 ۔ مارچ (سیاست نیوز) مولانا سید غلام افضل بیابانی سجادہ نشین درگاہ حضرت افضل بیابانیؒ قاضی پیٹ کو متفقہ طور پر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کا صدرنشین منتخب کرلیا گیا ہے ۔ حکومت کی جانب سے حج کمیٹی کے لئے نامزد کردہ ارکان کا اجلاس آج دفتر حج کمیٹی واقع حج ہاؤز نامپلی میں منعقد ہوا۔ 15 ارکان میں سے 14 نے اجلاس میں شرکت کی۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے صدرنشین کے انتخاب کے لئے چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ کو الیکشن آفیسر مقرر کیا تھا ۔ اجلاس میں صدرنشین وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی نے صدارت کیلئے مولانا سید غلام افضل بیابانی کا نام تجویز کیا۔ رکن اسمبلی جعفر حسین معراج نے تائید کی۔ تمام ارکان نے متفقہ طور پر مولانا غلام افضل بیابانی کے نام کی تائید کی جس کے بعد الیکشن آفیسر نے متفقہ انتخاب کا اعلان کردیا۔ اجلاس میں حج کمیٹی کے ارکان محمد شرف الدین ، محترمہ خواجہ ثناء ، محمد مجیب الدین ، الیاس احمد حامد قاسمی ، سید احسان الدین ، سید تقی رضی الدین ، محترمہ فہمیدہ بیگم ، محمد لئیق ، محمد یوسف ، ڈاکٹر سید اظہر علی، رکن اسمبلی جعفر حسین معراج اور صدرنشین وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی نے شرکت کی۔ ارکان پارلیمنٹ کے زمرہ میں اسدالدین اویسی کو کمیٹی کا رکن مقرر کیا گیا لیکن وہ اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔ صدرنشین کی حیثیت سے انتخاب کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مولانا سید غلام افضل بیابانی نے عازمین حج کی خدمت کی ذمہ داری دیئے جانے پر چیف منسٹر ریونت ریڈی سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ کمیٹی کے صدرنشین کے طور پر متفقہ انتخاب کے لئے تمام ارکان سے اظہار تشکر کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ عازمین حج کی بہتر خدمت میں تمام کا تعاون حاصل رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ حج کیمپ میں عازمین حج کیلئے بہتر انتظامات کے ساتھ ساتھ بہتر غذا کی فراہمی ، ٹیکہ اندازی ، ایرپورٹ روانگی اور مکہ مکرمہ میں رباط کے انتظامات کے لئے مساعی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد سے تلنگانہ کے علاوہ آندھراپردیش اور کرناٹک کے بعض علاقوں کے عازمین روانہ ہوتے ہیں۔ حج کمیٹی کا عنقریب اجلاس طلب کرتے ہوئے انتظامات کو قطعیت دی جائے گی۔ سید عظمت اللہ حسینی نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی حج کمیٹی بہتر انتظامات کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کمیٹی کی تشکیل پر چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا۔ جعفر حسین معراج نے کہا کہ وہ دوسری مرتبہ حج کمیٹی کے رکن نامزد ہوئے ہیں۔ انہوں نے حج کمیٹی کے بجٹ میں اضافہ کی تجویز پیش کی اور گزشتہ برسوں کے تجربات کی روشنی میں عازمین حج کی موثر انداز میں خدمت کا تیقن دیا۔ اگزیکیٹیو آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی لیاقت حسین نے انتظامات کی نگرانی کی۔ اس موقع پر مختلف عوامی تنظیموں کے نمائندوں نے مولانا غلام افضل بیابانی کو مبارکباد پیش کی۔1