موٹر کاریں کرایہ پر حاصل کرکے فروخت کرنے والا شخص گرفتار

   

گاڑیاں ضبط، اے سی پی جی پرساد راؤ کی پریس کانفرنس

حیدرآباد۔ 10 ڈسمبر (سیاست نیوز) گاڑیاں کرایہ پر حاصل کرنے کے بعد فروخت کرنے والے ایک شخص کو دبیرپورہ پولیس نے گرفتار کرلیا۔ شہر میں اس طرح کے سلف ڈرائیونگ پر گاڑیوں کو حاصل کرتے ہوئے ان گاڑیوں کو فروخت کرنے کے واقعات میں ان دنوں اضافہ ہوا ہے۔ دبیرپورہ پولیس نے بالآخر ایک شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے اس ریاکٹ کا پردہ فاش کیا۔ ایک سرغنہ شخص کو گرفتار کرلیا جبکہ اس ٹولی کے ایک اور شخص کی شناخت کرلی گئی ہے جس کی گرفتاری کے لئے کوششیں جاری ہیں۔ اس سلسلہ میں پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس میر چوک ڈیویژن جی پرساد راؤ نے بتایا کہ وحید خان کی شکایت پر پولیس دبیرپورہ نے کارروائی کرتے ہوئے پروین کمار کو گرفتار کرلیا جبکہ اس کا ساتھی شیخ ناگور میراولی مفرر ہے۔ پولیس کے مطابق وحید خان نے چار گاڑیوں کو پروین کمار کو کرایہ پر دیا تھا اور پروین نے گاڑیاں کرایہ پر حاصل کرنے کے بعد ان گاڑیوں کو سرینواس ریڈی کے حوالے کرتے ہوئے اس سے 7 لاکھ روپے لون حاصل کرلیا۔ اس دوران وحید خان نے اپنی گاڑیوں کے تعلق سے بہت استفسار کیا تو پروین ٹال مٹول کرنے لگا۔ وحید خان کو شبہ ہوا اور اس نے پولیس دبیرپورہ میں شکایت کردی۔ پولیس نے پروین کو حراست میں لینے کے بعد ان 4 گاڑیوں کو سرینواس ریڈی کے قبضہ سے ضبط کرلیا۔ پروین نے وحید خان سے گاڑیوں کو 2 ماہ کے لئے کرایہ پر حاصل کرتے ہوئے 2 لاکھ 20 ہزار روپے کرایہ بطور اڈوانس ادا کیا جس نے ماہانہ کرایہ ادا کرنا بھی بند کردیا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ چار گاڑیوں میں 2 ماروتی بریزا، ایک ماروتی بانیوار ایک ٹویوٹا فارچونر گاڑی شامل ہیں۔ پولیس نے پروین کو جیل منتقل کردیا۔ ع