مہاجر ، محنت کشوں کیلئے ریلیف کیمپس کے قیام کی ہدایت

,

   

لاک ڈاؤن کے دوران حکومت ممکنہ مدد کے عہد کی پابند : امیت شاہ

نئی دہلی۔ 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے ہفتہ کو کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے معلنہ 21 روزہ لاک ڈاؤن کے دوران تمام مہاجر مزدوروں اور محنت کشوں کی ممکنہ مدد کیلئے مرکزی حکومت اپنے عہد کی پابند ہے۔ وزارت داخلہ نے تمام ریاستوں اور مرکزی زیرانتظام علاقوں سے کہا ہے کہ وہ ملک گیر لاک ڈاؤن کی مدت کے دوران متعلقہ ریاستوں کو واپس ہونے کی کوشش کرنے والے تمام مہاجر اور محنت کشوں، یاتریوں اور دیگر افراد کو اپنے پاس ٹھہرنے کیلئے فی الفور ریلیف کیمپس قائم کریں۔ امیت شاہ نے کووڈ۔19 کو پھیلنے سے روکنے کیلئے ملک کی طرف سے کی جانے والی تیاری و چوکسی کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ’وزیراعظم نریندر مودی کی طرف سے کی گئی ہدایات کے مطابق لاک ڈاؤن کی مدت کے دوران تمام مہاجر، مزدوروں اور محنت کشوں کی مدد کیلئے حکومت اپنے عہد کی پابند ہے۔ ملک بھر میں چہارشنبہ سے لاک ڈاؤن کا نفاذ عمل میں آیا تھا۔ وزارت داخلہ کے ایک بیان کے مطابق امیت شاہ نے تمام ریاستوں کو مہاجر، مزدوروں اور محنت کشوں کی امداد کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے ضمن میں ریاستی ڈیزاسٹر ریسپانس فنڈس استعمال کرنے کا اختیار دیا ہے۔ دیگر ریاستوں میں محنت مزدوری کرنے والے غریب و بے بس مرد و خواتین کو ممکنہ مدد کی فراہمی کے ارادے سے مودی حکومت کی طرف سے کئے جانے والے اقدامات کے مطابق مرکزی معتمد داخلہ نے پھر ایک مرتبہ تمام ریاستوں کو مکتوب روانہ کیا ہے جس میں مہاجر مزدوروں، یاتریوں اور دوسروں کے قیام کی غرض سے فی الفور ریلیف کیمپس قائم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ ریاستوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ مہاجر مزدوروں و محنت کشوں کو فراہم کردہ سرکاری سہولتوں کے بارے میں شعوری بیداری کیلئے عوامی نشریاتی اداروں کا استعمال کریں۔