مہاراشٹرا بلدی انتخابات کے ذریعہ بی آر ایس کی قسمت آزمائی

   

کے سی آر کی قائدین سے مشاورت، بنیادی سطح پر کیڈر مستحکم کرنے کا منصوبہ
حیدرآباد۔/26فروری، ( سیاست نیوز) قومی سطح پر بی آر ایس کی سرگرمیوں میں وسعت کے منصوبہ کے تحت چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے مہاراشٹرا مجالس مقامی انتخابات سے پارٹی کی قسمت آزمانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق 2024 لوک سبھا انتخابات سے قبل پڑوسی ریاستوں میں بی آر ایس سرگرمیوں کو وسعت دینے کی حکمت عملی کے طور پر پہلے مرحلہ میں مجالس مقامی انتخابات پر توجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ بی آر ایس مہاراشٹرا میں ناندیڑ، تھانے، احمد نگر اور ممبئی کے بلدی انتخابات میں حصہ لے گی جو آئندہ چند ماہ میں ہوں گے۔ بی آر ایس نے مہاراشٹرا اسٹیٹ الیکشن کمیشن سے رجوع ہوکر پارٹی کو مسلمہ اور رجسٹرڈ پارٹی کے طور پر قبول کرنے درخواست کی ہے۔ پارٹی نے مہاراشٹرا بلدی انتخابات میں بی آر ایس کو کار کا انتخابی نشان الاٹ کرنے درخواست کی ہے۔ ظہیرآباد رکن پارلیمنٹ بی بی پاٹل کی قیادت میں پارٹی قائدین نے مہاراشٹرا کے اسٹیٹ الیکشن کمشنر اورویندر پال سنگھ سے ملاقات کی اور یادداشت حوالے کی۔ تلنگانہ ڈیری ڈیولپمنٹ کوآپریٹیو فیڈریشن کے صدرنشین ایس بھرت کمار نمائندگی کے موقع پر موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق کرناٹک اور مہاراشٹرا مجالس مقامی انتخابات میں حصہ لینے کا ابھی پارٹی نے قطعی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ پارٹی کے بعض قائدین کا احساس ہے کہ اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات میں حصہ لینا چاہیئے۔ مجالس مقامی میں شکست کا راست اثر اسمبلی اور لوک سبھا چناؤ پر پڑ سکتا ہے۔ دیگر قائدین کا ماننا ہے کہ مجالس مقامی انتخابات میں حصہ لے کربنیادی سطح پر کیڈر کو تیار کرنے میں مدد ملے گی اور لوک سبھا انتخابات تک مضبوط کیڈر تیار ہوجائیگا۔ پہلے مرحلہ میں مہاراشٹرا سے تجربہ کی منصوبہ بندی ہے جسکے تحت ناندیڑ میونسپل کارپوریشن پہلا ادارہ ہوگا جہاں بی آر ایس قسمت آزمائی کریگی۔ ناندیڑ، تھانے بلدی حدود میں تلگو بولنے والے افراد کی قابل لحاظ آبادی ہے۔ وزیر جنگلات اندرا کرن ریڈی کو ناندیڑ اور اطراف کے علاقوں کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ر