مہاراشٹرا :قلمدانوں کی تقسیم ، اجیت وزیرفینانس و منصوبہ بندی

   

وزارت داخلہ دینے کی قیاس آرائیوں کا خاتمہ ، دیگر پارٹیوں میں بھی منصفانہ تقسیم

ممبئی ۔5جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹر کے نائب وزیراعلیٰ اور این سی پی کے سینئر قائد اجیت پوار کو مہاراشٹرا کی کابینہ میں فینانس اور پلاننگ کا قلمدان سونپا گیا ہے جبکہ پارٹی کے ایک اور ساتھی انیل دیشمکھ کو وزرات داخلہ کا قلمدان سونپا گیا ہے۔ ایک سینئر عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ علاوہ ازیں شیوسینا کے پہلی بار ایم ایل اے بننے والے آدتیہ ٹھاکرے جو وزیراعلیٰ اُدھو ٹھاکرے کے فرزند ہیں ، کو ماحولیات ، سیاحت اور پروٹوکول کا قلمدان سونپا گیا ہے جبکہ سینئر کانگریس قائد بالا صاحب تھورٹ کو وزارت مالگزاری اور اُن کی پارٹی کے دیگر ساتھی و سابق وزیراعلیٰ اشوک چوان کو پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ (PWD) کا قلمدان سونپا گیا ہے جس میں پبلک انڈر ٹیکنگس شامل نہیںہیں۔ ریاستی لیجسلیٹو کونسل میں این سی پی کے سابق قائد اپوزیشن دھننجے منڈے کو سماجی انصاف کا قلمدان جبکہ پارٹی قائد جیتندراوہد کو وزارت ہاؤسنگ کا قلمدان سونپا گیا ہے ۔ وزارتوں کی اس تقسیم کے بعد شردپوار کی قیادت والی این سی پی کو اہم وزارتیں حاصل ہوئی ہیں۔ قیاس آرائیاں گرم تھیں کہ این سی پی کے اجیت پوار یا جیئنت پاٹل کو وزارت داخلہ دی جائے گی لیکن یہ وزراتی قلمدان اُن کے پارٹی کے ساتھی انیل دیشمکھ کے سپرد کیا گیا جو ناگپور کے علاقہ کاٹول کے رُکن اسمبلی ہیں۔ چیف منسٹر نے اہم انتظامیہ ، اطلاعات و ٹکنالوجی ، نظم و قانون کے قلمدان اپنے پاس رکھ لئے ہیں۔ شہری ترقیات کی وزارت شیوسینا کے ایکناتھ شنڈے کے حصے میں آئی ہے وہ پی ڈبلیو ڈی کے بھی وزیر ہیں ۔ شیوسینا کے سینئر قائد سبھاش دیسائی کو وزارت صنعت و معدنیات اور اُن کی پارٹی کے قائد انیل پرب کو وزارت ٹرانسپورٹ و اُمور مقننہ حاصل ہوئے ہیں۔ گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے اتوار کے دن قلمدانوں کی تقسیم کو جس کی تجویز چیف منسٹر اُدھو ٹھاکرے نے روانہ کی تھی منظوری دیدی ۔ راج بھون کے ترجمان نے کہاکہ وزیروں اور قلمدانوں کی فہرست ہفتہ کی شام گورنر کو منظوری کے لئے روانہ کی گئی تھی ۔ این سی پی قائد چھگن بھوجبل کو وزارت تغذیہ وہ سیول سپلائیز کا قلمدان حاصل ہوا ہے جبکہ نواب ملک کو اقلیتوں کی ترقی ، وقف بورڈ ، ترقیات و صنعت کے قلمدان سپرد کئے گئے ہیں۔ ولسے پاٹل کو آبی وسائل کی ترقی کا قلمدان دیاگیا ہے ۔