کولہاپور : گنے کسانوں کے حقوق کے لیے تحریک چلانے والی تنظیم ‘سوابھیمانی شیتکاری سنگٹھن’ (ایس ایس ایس) نے اتوار کو مہاراشٹر کے مختلف علاقوں میں ‘چکہ جام’ تحریک کا انعقاد کیا۔کسان گزشتہ سال کے گنے کے لیے سبسڈی کی دوسری قسط کے طور پر 400 روپے اور اس سال پیدا ہونے والی فصل کے لیے کم از کم امدادی قیمت 3500 روپے فی ٹن کا مطالبہ کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ایس ایس ایس کے قومی صدر راجو شیٹی نے اس ضلع کے ہاتک ناگلے کے مصروف انکلی ٹول ناکے پر احتجاج کی قیادت کی۔صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر شیٹی نے کہا کہ ایس ایس ایس نے 13 ستمبر سے ایجی ٹیشن کا راستہ اختیار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ‘‘لیکن ریاستی حکومت اور شوگر مل مالکان نے ضلع کلکٹریٹ آفس میں تین میٹنگوں کے باوجود ہمارے مطالبات کو قبول نہیں کیا۔ اس لیے ہم نے آج کولہاپور اور سانگلی اضلاع کی گنے بیلٹ اور ریاست کے مختلف حصوں میں ‘چکہ جام’ ایجی ٹیشن منظم کیا۔