ممبئی: ملک بھر میں کافی دنوں سے پٹرول اور ڈیزل کے داموں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے، تاہم حکومت مہاراشٹرا نے پٹرول اور ڈیزل پر عائد ہونے والے ٹیکس میں تخفیف کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد ریاست کے عوام کو تیل کے داموں میں کچھ راحت حاصل ہوگی۔کچھ دنوں قبل وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالنے والے ایکناتھ شندے نے جمعرات کو اعلان کیا کہ حکومت مہاراشٹرا پٹرول اور ڈیزل پر عائد ہونے والے ویلیو ایڈیڈ ٹیکس (ویٹ) کو کم کرے گی، جس کے بعد اب مہاراشٹرا میں پٹرول کے داموں میں 5 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کے داموں میں 3 روپے فی لیٹر کی کمی واقع ہوگی۔ویٹ میں کمی کے بعد مہاراشٹرا میں پٹرول کی قیمت 111.35 روپے فی لیٹر سے کم ہو کر 106.35 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 97.28 سے کم ہو کر 94.28 روپے فی لیٹر ہو جائے گی۔ یہ فیصلہ مہاراشٹر اکابینہ کے اجلاس کے بعد لیا گیا اور اس کا اعلان وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیرا علیٰ دیویندر فڈنویس نے مشترکہ طور پر کیا۔اس موقع پر ایکناتھ شندے نے کہا ’’مرکزی حکومت نے 4 مئی 2022 کو پٹرول اور ڈیزل پر عائد ہونے والی ایکسائز ڈیوٹی میں میں کمی کی تھی۔ مرکزی حکومت نے ریاستوں سے بھی اپیل کی تھی کہ وہ اپنے ٹیکس میں تخفیف کریں۔ سابق حکومت نے داموں میں کمی نہیں کی لیکن ہماری حکومت نے اس کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کمی سے سرکاری خزانہ پر 6 ہزار کروڑ روپے کا بوجھ ضرور پڑے گا لیکن ریاست میں مہنگائی بھی کم ہوگی۔