انتخابی جلسہ عام سے ریونت ریڈی کا خطاب ‘پولیس نے گاڑی کی تلاشی لی
ممبئی :16۔نومبر ( سیاست نیوز ) چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی نے مہاراشٹرا کو لوٹنے کے پردھانی اور اڈانی کے منصوبوں کے خلاف سخت انتباہ دیا ہے ۔ہفتہ کو مہاراشٹر اکے راجورا حلقہ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پردھانی (وزیر اعظم) اور اڈانی دونوں نے ممبئی کو لوٹنے کے بڑے منصوبے بنائے تھے۔ انہوں نے دھاراوی کچی آبادی کے ترقیاتی منصوبے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کے منصوبوں کو کامیاب ہونے نہیں دیا جائے گا۔چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے خبردار کیا کہ اگر مہاراشٹرا میں بی جے پی برسراقتدار آئی تو گوتم اڈانی اور وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ تمام پراجکٹس گجرات منتقل کردیئے جائیں گے۔ ریونت ریڈی نے ڈھٹائی کے ساتھ دعویٰ کیا کہ ان کی حکومت نے تلنگانہ کے لوگوں سے کیے گئے وعدوں اور تمام چھ ضمانتوں پر عمل درآمد کیا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے) اتحاد کو اقتدار میں لائیں کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت بننے پر مہاراشٹرا میں پانچ ضمانتوں کو نافذ کیا جائے گا۔ قبل ازیں چندر پور حلقہ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے خبردار کیا کہ گوتم اڈانی اور پردھانی دونوں مہاراشٹرا کے لوگوں کو کمانڈ اور کنٹرول کرنے کی کوشش کریں گے۔اپنے تسلط کو یقینی بنانے کیلئے انہیں ایکناتھ شندے اور اجیت پوار جیسے لوگوں کی ضرورت ہے۔ اس کے برعکس اگر ایم وی اے اقتدار میںآ جاتی ہے، تو بی جے پی کوئی ڈرامہ نہیں کر سکتی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ وقت ایکناتھ شندے اور اجیت پوار کو دفن کرنے کا ہے جنہوں نے اپنی پارٹیوں کو دھوکہ دیا اور گجرات کے غلام بن گئے۔ انہوں نے کہا کہ ایم وی اے کو ایک ووٹ لوگوں کو دو سیوک فراہم کرے گا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ اگر آپ چندر پور سے کانگریس کے امیدوار پروین پاڈویکر کو منتخب کرتے ہیں تو یہاں آپ کی دیکھ بھال کرنے کے لیے ایک بھائی ہوگا اور میں حیدرآباد میں آپ کا بھائی ر ہوں گا۔ انہوں نے یہ بھی یقین دلایا کہ وہ چندرپور کے لوگوں سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کی ذمہ داری لیں گے۔چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کانگریس پارٹی کی انتخابی مہم میں حصہ کیلئے مہاراشٹرا پہنچ گئے جہاں وہ دو دن تک قیام کرتے ہوئے پارٹی امیدواروں کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔ چیف منسٹر نے اسمبلی حلقہ چندراپور میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہاراشٹرا میں کانگریس اتحاد کامیاب ہوگا۔ عوام شنڈے کے زیرقیادت حکومت کو اقتدار سے بیدخل کرنے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ مہاراشٹرا آبادی اور لوک سبھا حلقوں کے لحاظ سے ملک کی دوسری بڑی ریاست ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی کے بشمول بی جے پی کے دیگر قائدین تلنگانہ میں 6 گیارنٹی پر عمل کرنے میں ناکام ہوجانے کے جھوٹے الزامات عائد کررہے ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی اسمبلی حلقہ چندراپور کے گوگلس میں منعقدہ انتخابی جلسہ سے خطاب کرنے کیلئے جارہے تھے کہ راستے میں مہاراشٹرا پولیس نے انکی کار کو روک لیا اور اس کی تلاشی لی۔ انتحابی جلسوں سے حطاب کے بعد وہ آج رات ناگپور میں شب بسری کریں گے۔ اتوار کو صبح میں ناگپور سے ناندیڑ کیلئے روانہ ہوں گے۔ نیاگاؤں، بھوکور، شولاپور اسمبلی حلقوں میں چیف منسٹر انتخابی مہم چلائیں گے۔2