چیف منسٹر کی مرکز سے 7 ہزار کروڑ کی امداد طلب
کولہا پور۔ 13 ۔ اگست( سیاست ڈاٹ کام) سیلاب سے متاثرہ علاقوں کولہا پور اور سانگلی کا معائنہ کرنے کے بعد مہاراشٹرا کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس نے منگل کو بتایا کہ ان کی حکومت مرکز سے 6 ہزار کروڑ کا ایک راحتی پیاکیج طلب کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس پیاکیج کی تفصیل دو حصوں پر مشتمل رہے گی اور اسے 4708 کروڑ روپیوں کی مدد کی صورت میں کولہا پور ، سانگلی ، ستارہ اضلاع کے لئے ہوگا اور 1205 کروڑ کا پیاکیج ، کون کن ، ناسک اور مہاراشٹرا کے بقیہ حصوں کے لئے ہوگا ۔ انہوں نے کابینہ کے ہفتہ وار اجلاس کے بعد یہ باتیں بتائیں۔ انہوں نے کہا کہ حک ومت کو اس سلسلے میں ایک یادداشت روانہ کی جائے گی ۔ دریں اثناء مہاراشٹرا کی حکومت نے اس لئے اپنے طور پر فنڈ منظور کیا ہے ۔ کولہا پور اور سانگلی اضلاع سیلاب سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں ۔ کونکن اور مغربی حصوں کی حالت سیلاب کے سبب خراب ہے ۔ گزشتہ 9 دنوں میں یہاں 43 لوگ سیلاب کی نذر ہوگئے ۔ آہستہ آہستہ سیلاب کا پانی مذکورہ دونوں اضلاع سے سمٹ رہا ہے ، اس لئے حکام متاثرہ لوگوں کو ضروری اشیاء کی فراہمی پر توجہ دے رہے ہیں۔ کولہا پور کے کلکٹر سنجے شنڈے نے کہا کہ ’’ کولہا پور میں بچاؤ کا رروائیوں کی تکمیل ہوچکی ہے اور قومی شاہراہ کو زائد وقت کیلئے کھول دیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ہم لوگوں کے درمیان نقد رقم بھی تقسیم کر رہے ہیں ۔ سانگلی کے کلکٹر ابھیجیت چودھری نے کہا کہ ان کے ضلع میں بھی راحتی کام مکمل ہوچکے ہیں اور عوام میں ہم امدادی رقم تقسیم کر رہے ہیں۔