مہاراشٹر میں عید میلاد النبی کی تعطیل جمعہ تک بڑھا دی گئی

   

ممبئی: اپوزیشن اور مسلم گروپوں کی خواہشات کے سامنے جھکتے ہوئے مہاراشٹر حکومت نے عید میلاد النبی ﷺ کو ایک دن آگے کرکے 29 ستمبر بروز جمعہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر ایکناتھ شنڈ ے نے آج شام اس کا اعلان کیا اور ریاستی کانگریس کے ورکنگ صدر ایم عارف نسیم خان اور دیگر نے ان کا خیرمقدم کیا۔اس سے قبل وسرجن کی تقریبات اور عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر اننت چتردشی کے لیے سرکاری تعطیل ایک ہی دن یعنی 28 ستمبرکو آرہی تھی۔ چونکہ دونوں تہواروں کے لیے بہت بڑے جلوس نکالے جاتے ہیں، اس کے نتیجے میں پولیس کے لیے بھاری ہجوم کیلئے انتظام کرنے میں مشکلات پیدا ہو سکتی تھیں۔ دونوں تہواروں کی سنجیدگی کو مدنظر رکھتے ہوئے، کانگریس لیڈر خان، سماج وادی پارٹی کے ریاستی صدر ابو عاصم اعظمی، ایم ایل اے رئیس شیخ، حکمراں شیو سینا کے رکن پارلیمنٹ راہول شیوالے، آل انڈیا خلافت کمیٹی کے نمائندوں اور دیگر نے حال ہی میں وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور ایک تجویز پیش کی۔