مہاگٹھ بندھن میں سیٹوں کی تقسیم، آج پٹنہ میں اعلان

   

اجلاس کے بعد کانگریس کو 9 سیٹیں دینے پر اتفاق
پٹنہ: بہار سے اچھی خبر آرہی ہے، جہاں مہاگٹھ بندھن میں سیٹوں کی تقسیم کو لے کر بات بن گئی ہے۔ اس حوالے سے باضابطہ اعلان کل یعنی جمعہ کو ہوگا۔ موصولہ اطلاع کے مطابق سیٹوں کی تقسیم کا اعلان کل آر جے ڈی دفتر میں کیا جائے گا۔ اس دوران بہار کے قائد اپوزیشن تیجسوی یادو سمیت سبھی اتحادی جماعتوں کے لیڈران بھی موجود رہیں گے۔ سیٹوں کی تقسیم کا اعلان جمعہ کو 12.15 بجے کیا جانا ہے۔خیال رہے کہ بہار میں لوک سبھا کی 40 سیٹوں کے لیے لڑائی لگاتار تیز ہوتی جارہی ہے۔ کاغذات نامزدگی داخل کرنے کا دور بھی شروع ہو گیا ہے لیکن بہار کی سیاسی جماعتوں کے ساتھ ساتھ قومی سطح پر جس ایک سیٹ پر بحث ہو رہی ہے وہ ہے سیمانچل سے آنے والی پورنیہ کی سیٹ ہے جو لگاتار سرخیوں میں ہے اور اس کی وجہ پپو یادو بن گئے ہیں۔گزشتہ کئی دنوں سے دہلی اور پٹنہ میں کانگریس اور آر جے ڈی کے درمیان سیٹوں کی تقسیم کو لے کر ملاقاتوں کا سلسلہ جاری تھا۔ ذرائع کے مطابق دہلی میں میٹنگ کے بعد کانگریس کو 9 سیٹیں دینے پر اتفاق ہوا ہے۔ ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق اتفاق رائے ہونے کے بعد کانگریس کو 9 سیٹیں مل سکتی ہیں۔ آر جے ڈی کو جھارکھنڈ میں چترا اور پلامو 2 سیٹیں ملی ہیں۔ بہار میں کانگریس کو جو سیٹیں ملیں گی ان میں کٹیہار، کشن گنج، پٹنہ صاحب، ساسارام، بتیا، مظفر پور، بھاگلپور، سمستی پور ہیں، جب کہ کانگریس سپول اور مدھے پورہ سے کوئی ایک سیٹ حاصل کر سکتی ہے۔ سب کی نظریں جمعہ کو ہونے والے باضابطہ اعلان پر مرکوز ہیں۔