مہذب لوگ زیادہ بچے پیدا نہیں کرتے،نسرین کی منطق

   

حالیہ برسوں میں مسلمانوں نے بڑی تعداد میں بچے پیدا نہیں کئے، ملعون مصنفہ کا دعویٰ

نئی دہلی: بنگلہ دیش کی ملعون مصنفہ تسلیمہ نسرین کے مطابق مسلمان زیادہ بچے پیدا نہیں کرتے ہیں۔ نسرین نے یہاں تک کہا کہ حالیہ برسوں میں مسلمانوں نے بڑی تعداد میں بچے پیدا نہیں کئے۔ تسلمیہ نسرین نے اپنی بہن، ماں اور دادی کے درمیان موازنہ کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ آپ جتنے زیادہ مہذب ہیں، آپ کو بچے اتنے ہی کم ہوتے جائیں گے۔ کسی قوم کا نام نہ لینے کے باوجود، ملعون مصنفہ کے تبصرے ایک ایسے وقت میں سامنے آئے جب مسلم آبادی کے بارے میں تنازعہ ہے۔اس نے لکھا کہ یہ غلط ہے کہ مسلم کمیونٹی نے بڑی تعداد میں بچے پیدا کئے۔اگر نوزائیدہ بچوں کی شرح اموات زیادہ ہے، تو کسی بھی کمیونٹی کو اس سے کہیں زیادہ بچوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ میری دادی کو گیارہ بچے تھے، جب کہ میری ماں کو چار بچے ہوئے۔ وہیں میری بہن ایک بچے کی ماں ہے اورمجھ کو ایک بھی بچہ نہیں ہے۔جیسے جیسے آپ مہذب ہوتے جاتے ہیں، آپ کے یہاں بچے کم ہوتے جاتے ہیں۔اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی طرف سے آبادی میں عدم توازن کے بارے میں کیے گئے ریمارکس کے جواب میں صدر مجلس اسد الدین اویسی نے حال ہی میں دعویٰ کیا کہ مسلمان مانع حمل ادویات کا استعمال سب سے زیادہ کرتے ہیں۔اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آبادی پر قابو پانے کے پروگرام کو اقوام متحدہ کی رپورٹ کے جواب میں آبادی میں عدم توازن پیدا کیے بغیر جاری رہنا چاہیے جس میں یہ پیش قیاسی کی گئی ہے کہ ہندوستان 2023میں دنیا کی سب سے زیادہ آبادی والے ملک کے طور پر چین کو پیچھے چھوڑ دے گا۔