مہنگائی کے باعث متوسط اور غریب طبقہ کو یومیہ خرچ کیلئے قرض لینے کا اندیشہ: پرینکا

   

نئی دہلی: کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے مہنگائی کے حوالہ سے بی جے پی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں آسمان چھوتی مہنگائی نے غریب اور متوسط طبقہ (مڈل کلاس) کی زندگی محال کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کی ایک بھی پالیسی ایسی نہیں جو مڈل کلاس اور غریب طبقہ کا کچھ بھلا کر سکے۔پرینکا گاندھی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ آپ کی پائی پائی جوڑ کر بنائی گئی محنت کی کمائی پر مہنگائی کی مار ہے۔بی جے پی حکومت کی ایک بھی اقتصادی پالیسی ایسی نہیں ہے جس سے مڈل کلاس، غریب طبقہ کی آمدنی زیادہ اور خرچ کم ہو سکے۔ مڈل کلاس اور غریب طبقہ کے لوگوں کو یہ ڈر ستا رہا ہے کہ کہیں ان کو روزانہ کا خرچ چلانے کے لئے قرض نہ لینا پڑ جائے۔پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ کے ساتھ ایک خبر کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا ہے، جس کے مطابق پٹرول اور ڈیزیل نے مہنگائی کی آگ کو بھڑکا دیا ہے،تھوک مہنگائی کی افراط زر اپریل میں بڑھ کر 15.08 فیصد کی تاریخی بلندی پر پہنچ چکی ہے اور اس نے گزشتہ 24 سالوں کے ریکارڈ کو توڑ دیا ہے۔