حیدرآباد۔/2 جولائی، ( سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے نئے صدر کے انتخاب کی سرگرمیوں کے دوران ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ نے آج نئی دہلی میں صدر کانگریس ملکارجن کھرگے سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات اگرچہ خیرسگالی قرار دی جارہی ہے لیکن پارٹی حلقوں کا ماننا ہے کہ ہائی کمان نے مہیش کمار گوڑ کو تلنگانہ میں پارٹی کا نیا صدر مقرر کرنے کا من بنالیا ہے اور چیف منسٹر ریونت ریڈی کے کل چہارشنبہ کو دورہ دہلی کے موقع پر رسمی طور پر قطعیت دی جائے گی۔ پردیش کانگریس کی صدارت کیلئے مختلف طبقات کے قائدین نے اپنی دعویداری پیش کی ہے تاہم ہائی کمان بی سی طبقہ کو صدارت کی ذمہ داری دینے کے حق میں ہے تاکہ مجالس مقامی کے آئندہ انتخابات میں بی سی طبقات کی تائید حاصل ہو۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی سے مشاورت کے بعد ہائی کمان نئے صدر کے نام کا رسمی طور پر اعلان کرے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ بی سی طبقہ میں مہیش کمار گوڑ غیر متنازعہ لیڈر کے طور پر جانے جاتے ہیں اور ان کا شمار ریونت ریڈی کے بااعتماد رفقاء میں ہوتا ہے۔ مہیش کمار گوڑ کے علاوہ کئی خواہشمند قائدین صدارت کی دوڑ میں شامل ہیں اور وہ نئی دہلی میں کیمپ کئے ہوئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے دورہ نئی دہلی کے موقع پر صورتحال واضح ہوجائے گی۔1