میئر حیدرآباد جی وجئے لکشمی کی کانگریس قائد ڈی ناگیندر سے ملاقات

   

کے سی آر کے فون کرنے پر بھی کیشو راؤ ان کی قیام گاہ نہیں پہنچے، گریٹر حیدرآباد میں سیاسی سرگرمیاں عروج پر
حیدرآباد۔ 27 مارچ (سیاست نیوز) مئیر حیدرآباد جی وجئے لکشمی نے آج صبح حلقہ لوک سبھا سکندرآباد کے کانگریس امیدوار ڈی ناگیندر سے خصوصی ملاقات کی۔ بتایا جارہا ہے کہ بی آر ایس کے بیشتر کارپوریٹرس کے ساتھ وہ بہت جلد کانگریس پارٹی میں شامل ہو جائیں گی۔ اسمبلی انتخابات میں بی آر ایس کی شکست کے بعد ریاست میں تیزی سے صورتحال تبدیل ہورہی ہے۔ بالخصوص گریٹر حیدرآباد میں بی آر ایس کے کئی قائدین کانگریس میں شامل ہو رہے ہیں۔ لوک سبھا انتخابات میں طاقتور مقابلہ کرنے کے لئے کانگریس کے قائدین بی آر ایس قائدین سے رابطہ بنائے ہوئے ہیں اور وہ کانگریس میں شامل ہو رہے ہیں۔ ایک ہفتہ قبل تلنگانہ کانگریس امور کی انچارج دیپاداس منشی نے میئر حیدرآباد جی وجئے لکشمی کی قیام گاہ پہنچ کر ان سے ملاقات کی تھی۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ اس ملاقات میں بی آر ایس کے جنرل سکریٹری و رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کے کیشو راؤ بھی موجود تھے۔ دیپاداس منشی نے ڈاکٹر کے کیشو راؤ اور میئر حیدرآباد کو کانگریس میں شامل ہونے کی دعوت دی۔ ڈاکٹر کیشو راؤ نے فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا تاہم میئر حیدرآباد نے اپنے حامیوں سے مشاورت کے بعد فیصلہ سنانے کا دیپاداس منشی سے وعدہ کیا تھا۔ ان سرگرمیوں کے پیش نظر بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر نے ڈاکٹر کیشو راؤ کو فون کرکے انہیں اپنی قیام گاہ طلب کیا تھا۔ مگر بتایا جاتا ہے کہ کیشو راؤ سربراہ کے سی آر سے ملنے ان کی قیام گاہ نہیں پہنچے تاہم آج ان کی دختر میئر حیدرآباد جی وجئے لکشمی حلقہ لوک سبھا سکندرآباد سے مقابلہ کرنے والے کانگریس امیدوار ڈی ناگیندر سے ملاقات کی جس کے بعد سیاسی حلقوں میں یہ قیاس آرائیاں شروع ہوچکی ہیں جبکہ میئر حیدرآباد نے کانگریس میں شمولیت کا من بنالیا ہے اور وہ اس جانب قدم بڑھا رہی ہے۔ کانگریس کے ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ گریٹر حیدرآباد کی نمائندگی کرنے والے بی آر ایس اور بی جے پی کے کارپوریٹرس سے کانگریس سے رابطہ بنائے ہیں اور تمام کارپوریٹرس میئر حیدرآباد کے ساتھ کانگریس پارٹی میں شامل ہوں گے۔ 2