میانمارمیں یاگی طوفان سے ہلاکتوں کی تعداد 384 ہوگئی

   

یانگون : میانمار میں طوفان یاگی کے باعث ہونے والی شدید بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ میں جان کی بازی ہارنے والوں کی تعداد 384 ہو گئی ہے۔میانمار کی فوجی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 384 افراد جان کی بازی ہار گئے اور 89 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کے کئی علاقے جن میں کایا اور کائین ریاستیں شامل ہیں طوفان سے شدید متاثر ہوئے ہیں اور سڑکوں، پلوں، مکانات اور اسکولوں کو نقصان پہنچا ہے۔میانمار کی فوجی حکومت کے رہنما جنرل من آنگ ہلینگ نے دیگر فوجی حکام کے ہمراہ سمندری طوفان سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں بچاؤ، امداد اور بحالی کی کوششوں کا معائنہ کیا۔سمندری طوفان یاگی نے شمالی ویتنام، لاؤس، تھائی لینڈ اور میانمار میں تقریباً ایک ہفتے تک تباہی مچائی، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں خطے میں سینکڑوں افراد ہلاک ہوئے۔دوسری جانب ، اقوام متحدہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ میانمار میں تباہی سے متاثرہ افراد کی تعداد 8 لاکھ 87 ہزار تک پہنچ گئی ۔