میت کا احترام بہرحال کرنا چاہئے : محبوبہ مفتی

   

سرینگر: جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا کہ علیحدگی پسند لیڈر سید علی گیلانی کی نعش کے ساتھ کیا جانے والا سلوک غیر ضروری تھا۔ یہ بھی کہا کہ کوئی بھی زندہ شخص سے لڑ سکتا ہے لیکن میت کو عزت ملنی چاہیے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محبوبہ نے کہا کہ ویڈیو اور خبروں سے پتہ چلتا ہے کہ انتظامیہ نے نعش اور اہل خانہ کے ساتھ بربریت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ کسی شخص کے زندہ رہنے کے دوران اس سے لڑسکتے ہیں لیکن ایک بار جب کوئی مر جائے، آپ کو دوسروں کی طرح نعش کا احترام کرناچاہئے۔گیلانی کے خاندان کے خلاف نعرے لگانے اور ان کے جسم کو پاکستانی پرچم سے ڈھانپنے کیلئے درج معاملے کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت سب سے بڑا جمہوری ملک ہے اور یہ مسائل بہت چھوٹے ہیں۔محبوبہ نے کہا کہ ان کے بھی گیلانی کے ساتھ اختلافات تھے لیکن مردہ جسم کے ساتھ بے حس رویہ نہیں اپنانا چاہیے۔ محبوبہ نے کہا کہ جو کچھ ہم نے دیکھا وہ انسانیت کے خلاف تھا، ہر ایک کی آخری خواہش کا احترام کیا جانا چاہیے۔