نئی دہلی، 17 ستمبر (یو این آئی) یوتھ کانگریس نے ملک بھر میں سرکاری شعبوں میں خالی پڑے تقریباً 50 لاکھ منظور شدہ عہدوں کو ایک سال میں پُرکرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے حکومت کے خلاف ‘میری ڈگری کا کیا’ ملک گیر مہم کا آغاز کیا ہے ۔یوتھ کانگریس کے قومی ترجمان ورون پانڈے نے یہ اطلاع دیتے ہوئے جمعرات کو بتایا کہ مہم کی ویب سائٹ لانچ کی گئی اور آئندہ کے پروگراموں کا خاکہ بھی جاری کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سرکاری شعبوں میں 50 لاکھ سے زیادہ عہدے خالی ہیں، جبکہ روزگار کی تلاش میں بڑی تعداد میں پڑھے لکھے نوجوان بھٹک رہے ہیں۔ پانڈے نے کہا کہ مہم کے تحت ہر خالی عہدے کیلئے وقت کا پابند بھرتی کیلنڈر جاری کرنے اور بھرتی امتحان سے تقرری تک کے پورے عمل کیلئے وقت کی حد طے کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ اگلے ایک سال تک ‘نوکری مارچ’ اور ‘ڈگری مارچ’ جیسے پروگرام منعقد کیے جائیں گے ۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر ایک سال میں خالی عہدے نہیں پرکیئے گئے تو وزیراعظم نریندر مودی کی رہائش گاہ کا گھیراؤ کیا جائے گا۔ اس دوران دہلی پردیش یوتھ کانگریس کے صدر اکشے لاکڑا اور یوتھ کانگریس کے قومی سکریٹری و دہلی کے شریک انچارج پرمندر سنگھ پمی بھی موجود تھے ۔