میرے نام سے قائم کردہ تنظیموں سے کوئی تعلق نہیں : کے ٹی آر

   

حیدرآباد۔/6 جنوری، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے کارگذار صدر کے ٹی راما راؤ نے ان کے نام سے قائم کی گئی مختلف تنظیموں سے لاتعلقی کا اظہار کردیا۔ انہوں نے کہا کہ مختلف مقامات پر حامیوں نے کے ٹی آر یووا سینا اور دیگر ناموں سے قائم کی گئی تنظیموں کی اجازت انہوں نے نہیں دی ہے۔ یووا سینا، ابھیمانولا سنگھم جیسے ناموں سے مختلف مقامات پر تنظیمیں قائم کرلی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو ان سے تعلق خاطر ہے تو انہیں چاہیئے کہ ٹی آر ایس اور اس سے ملحقہ تنظیموں سے وابستہ ہوکر کام کریں۔ کے ٹی آر نے پہلے ہی اس طرح کی تنظیموں کو فوری منسوخ کرنے کی اپیل کی ہے۔ کے ٹی آر یووا سینا، کے ٹی آر سیوا دل اور کے ٹی آر ابھیمانولا سنگھم کے ناموں سے تنظیموں کے قیام کے بارے میں انہیں اطلاعات موصول ہوئیں جس پر انہوں نے کہا کہ کسی بھی تنظیم کے قیام کو انہوں نے منظوری نہیں دی ہے۔ پارٹی اور ان سے عقیدت اور تعلق خاطر ہو تو کارکنوں کو چاہیئے کہ وہ ٹی آر ایس کے استحکام کیلئے کام کریں۔ انہوں نے مختلف اضلاع میں قائم کی گئی تنظیموں کو فوری منسوخ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ٹی آر ایس کے حامیوں کو چاہیئے کہ وہ اس طرح کی تنظیموں کے بجائے پارٹی کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔