میر عالم جھیل پر تعمیر ہونے والا کیبل برج پرانے شہر کے تاج میں نگینہ ثابت ہوگا

   

1900 کروڑ روپے کا ابتدائی تخمینہ، رنگ روڈ، سیاحتی اقدامات کنسلٹنسی کے ساتھ حکومت کا مطالعہ
حیدرآباد۔ 19 فروری (سیاست نیوز) میر عالم جھیل پر تعمیر ہونے والا کیبل برج پرانے شہر کے تاج میں نگینہ ثابت ہوگا جس کی تعمیر پر حکومت کی جانب سے خصوصی حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔ ایچ اے ڈی اے نے عام برج کی تعمیر کے لئے پہلے ہی 375 کروڑ روپے کی منظوری دے دی ہے۔ تاہم چیف منسٹر نے پرانے شہر کو نئے شہر کے طرز پر ترقی دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد عہدیدار نئے منصوبوں کے ساتھ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی جانب سے طلب کردہ اجلاس میں شریک ہوئے جس میں عالمی معیار کا کیبل پر یا سسپنشن برج تعمیر کرنے کا جائزہ لیا گیا ہے۔ ریاستی حکومت پر مکمل مالی بوجھ عائد کئے بغیر پی پی پی نظام میں اس کی تعمیر پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ اس کی تعمیر کے لئے تازہ طور پر ایک کنسلٹنسی کی خدمات سے استفادہ کیا جارہا ہے۔ اسی دوران تکنیکی پہلوؤں کی جانچ کے لئے ایک اور کنسلٹنسی کو بھی میدان میں اُتارا گیا ہے۔ رپورٹس وصول ہونے کے بعد بہترین طریقہ کار کا انتخاب کیا جائے گا اس کی بنیاد پر موسی ریور ڈیولپمنٹ کارپوریشن MRDCL کے ذریعہ تعمیراتی کام انجام دیا جائے گا۔ قابل ذکر بات یہ ہیکہ چیف منسٹر نے محکمہ بلدی نظم و نسق کو ہدایت دی ہے کہ وہ ملک کی مثالی پرکشش جھیل کے طور پر میر عالم جھیل کو ترقی دینے کے لئے ہر ممکنہ اقدامات کریں۔ اس کیبل برج کے لئے مختلف رنگوں پر مشتمل آرائشی لائٹنگ، جھیل میں میوزیکل فوارے، ویو پوائنٹس، ثقافتی ورثے کی عکاسی کرنے والے ڈھانچوں کی تخلیق، تین بڑے جزیروں پر سیاحتی مقامات اور ہوٹلوں کی تعمیر، دیگر چھوٹے جزیروں پر پارکس، پانچ جزیروں کو ملانے والا برج، جھیل کے اطراف و اکناف سرسبز و شادابی کو فروغ دینے کے لئے خصوصی اقدامات کریں۔ کھیل کے میدان اور کھیلوں کی سہولت، عہدیداروں کی جانب سے جو ڈیزائن تیار کیا گیا ہے اس میں 375 کروڑ روپے کا ایک عام فلائی اوور، 1200 کروڑ روپے کا درگم چیرو کے طرز پر کیبل برج، 1900 کروڑ روپے کی لاگت سے کیبل سسپنشن برج اور سیاحتی سہولیات، برج کی لمبائی 2.5 کیلو میٹر چوڑائی 16.5 میٹر چار لائنس پر مشتمل ہوگا۔ 2