ایف آئی آر درج کرنے فیروز خاں کا مطالبہ، پارٹی کے جمہوریت بچاؤ احتجاج سے خطاب
حیدرآباد۔ 21 جون (سیاست نیوز) مدھیہ پردیش میں راجیہ سبھا الیکشن میں اے آئی سی سی جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ میناکشی نٹراجن کے پرچہ نامزدگی کو مسترد کئے جانے کے پس پردہ تلنگانہ کے بعض کانگریسی قائدین کے ملوث ہونے کا تنازعہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ سوشیل میڈیا اور اخبارات میں میناکشی نٹراجن کو مقامی عدالت کی جانب سے نوٹس کی اجرائی کی بی جے پی قائدین تک تفصیلات پہنچانے کے لئے بعض قائدین پر شبہات ظاہر کئے جارہے ہیں جن کے میناکشی نٹراجن سے روابط ٹھیک نہیں۔ اسی دوران اے آئی سی سی میناریٹی ڈپارٹمنٹ کے مشیر اور نامپلی اسمبلی حلقہ کے انچارج محمد فیروز خاں نے سازش کو بے نقاب کرنے کے لئے ایف آئی آر درج کرنے کی تجویز پیش کی۔ گاندھی بھون میں ’’جمہوریت بچاؤ‘‘ ستیہ گرہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے فیروز خاں نے کہا کہ میناکشی نٹراجن کے خلاف سازش کرنے والوں کو بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس کی حکومت ہے اور تفصیلی جانچ کے ذریعہ حقیقی خاطیوں کو عوام کے روبرو پیش کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب حکومت کانگریس کی ہو تو پھر مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات میں تاخیر کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میناکشی نٹراجن کی مخالفت کرنے والوں میں مقامی عدالت میں مقدمہ کی تفصیلات بی جے پی قائدین تک پہنچائیں جس کے نتیجہ میں ریٹرننگ آفیسر نے میناکشی نٹراجن کا پرچہ نامزدگی مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ملک میں ووٹ چوری کے بعد سیٹ چوری میں ملوث ہے۔ ستیہ گرہ میں صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ، صدر ضلع کانگریس خیریت آباد ایم روہت مدیراج اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ میناکشی نٹراجن کے پرچہ نامزدگی کو مسترد کئے جانے سے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف کانگریس نے ملک بھر میں جمہوریت بچاؤ کے عنوان سے احتجاجی پروگرام شروع کئے ہیں۔ 1؍F