میوزک پارٹی کا اہتمام کرنے والی خاتون گرفتار

   

دبئی ۔دبئی میں پولیس نے ایک عورت کو اپنے گھر میں رقص وسرود کی محفل سجانے پر 2722 ڈالر (10 ہزار درہم) جرمانہ عاید کردیا ہے۔اس عورت نے دبئی میں کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے اجتماعات پر عاید پابندی کے ضابطے کی خلاف ورزی کی ہے اور موسیقی کی یہ محفل منعقد کی ۔پولیس نے اس عورت کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے لیکن کہا ہے کہ اس نے اپنے گھر میں موسیقی کے ایک طائفے کی پارٹی کا اہتمام کیا ہے۔اس بینڈ نے متعدد مہمانوں کے سامنے اپنے فن کا جادو جگایا تھا۔ان مہمانوں نے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی پابندی کی تھی اور نہ ان میں سے کسی نے چہرے پر فیس ماسک پہن رکھا تھا۔دبئی پولیس کے شعبہ تفتیش جرائم عامہ کے ڈائریکٹر بریگیڈئیر جمال سالم الجلاف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس عورت کو 2020ء کے ضابطہ نمبر 38 کی خلاف ورزی کے الزام میں 10 ہزار درہم جرمانہ عاید کیا گیا ہے۔الجلاف نے مزید کہا ہے کہ موسیقی بینڈ کے ارکان اور گھر میں منعقدہ تقریب میں شرکت کرنے والے تمام افرادکو 1361ڈالر (5000 درہم) فی کس جرمانہ عاید کیا گیا ہے۔