میٹرو ریل کی تیسرے مرحلہ میںراموجی فلم سٹی تک توسیع کا منصوبہ

   

پرانے شہر کیلئے 500 کروڑ مختص، اراضیات کے حصول پر 100 کروڑ کا خرچ: کے ٹی آر
حیدرآباد۔13۔ فروری (سیاست نیوز) وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ بی آر ایس حکومت ڈسمبر میں اسمبلی انتخابات میں کامیابی کے بعد حیدرآباد میٹرو ریل پراجکٹ کے تیسرے مرحلہ پر عمل کرے گی۔ قانون ساز کونسل میں ای ملیشم اور ایم ایس پربھاکر راؤ کے سوال پر کے ٹی آر نے کہا کہ تیسرے مرحلہ کے تحت میٹرو ریل کو راموجی فلم سٹی اور شہر کے دیگر علاقوں میں میٹرو ریل خدمات کی توسیع کا منصوبہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایرپورٹ میٹرو کاریڈار کا مجوزہ منصوبہ تین برسوں میں مکمل ہوگا تاہم پرانے شہر میں پہلے مرحلہ کے زیر التواء کاموں کی تکمیل کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ وقفہ سوالات کے دوران وزیر بلدی نظم و نسق نے کہا کہ میٹرو ریل کے توسیعی کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا۔ پہلے مرحلہ میں 72 کیلو میٹر کے منجملہ 79 کیلو میٹر کی تعمیر کا کام مکمل ہوچکا ہے ۔ مرکز کے عدم تعاون اور فنڈس کی اجرائی میں تاخیر کے باوجود ریاستی حکومت ترجیحی بنیادوں پر پراجکٹ کی تکمیل کر رہی ہے۔ کے ٹی آر نے بتایا کہ پہلے مرحلہ کے کاموں کے سلسلہ میں مرکزی حکومت اپنی حصہ داری 1458 کروڑ میں سے 254 کروڑ کی اجرائی باقی ہے۔ دوسرے مرحلہ میں 62 کیلو میٹرس کا کام دو مراحل میں مکمل کیا جائے گا ۔ دوسرے مرحلہ کے تحت پہلے کام کا چیف منسٹر کے سی آر نے حال ہی میں سنگ بنیاد رکھا جو 31 کیلو میٹر ایرپورٹ میٹرو کا ہے ۔ پراجکٹ پر 6250 کروڑ کی مالیت آئے گی اور ریاستی حکومت کے فنڈ سے یہ مکمل کیا جائے گا ۔ پراجکٹ کا دوسرا مرحلہ 28 کیلو میٹر پر مشتمل ہے جس کے تحت بی ایچ ای ایل تا لکڑی کا پل اور ایل بی نگر تا ناگول 5 کیلو میٹر کے کام انجام دیئے جائیں گے ۔ کے ٹی آر نے بتایا کہ پراجکٹ کے دوسرے مرحلہ کے لئے فنڈس حاصل کرنے مرکز کو تفصیلی رپورٹ روانہ کی گئی لیکن تاحال مرکز نے فنڈس کی اجرائی کا کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ پرانے شہر میں میٹرو ریل پراجکٹ کی تکمیل کیلئے 500 کروڑ مختص کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اراضیات کے حصول اور توسیعی کاموں کیلئے 100 کروڑ خرچ کئے جائیں گے۔ حیدرآباد میٹرو ریل حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ ریاستی حکومت سے مشاورت کے بغیر کرایہ میں اضافہ نہ کریں۔ر