ریونت ریڈی اور کشن ریڈی عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کررہے ہیں
حیدرآباد 23 جون : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے ورکنگ صدر کے ٹی آر نے چیف منسٹر ریونت ریڈی اور مرکزی وزیر جی کشن ریلای پر حیدرآباد میٹرو ریل منصوبے کے نام پر عوام کو دھوکہ دینے اور سیاسی ڈرامہ بازی کا سنگین الزام عائد کیا ۔ آج اسمبلی حلقہ شیر لنگم پلی بی آر ایس کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے ریاست کی کانگریس اور مرکز کی بی جے پی حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔ کے ٹی آر نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی نظر میٹرو ریل کے 30 ہزار کروڑ روپئے کے اثاثوں پر لگی ہے اور وہ ان اثاثوں کو اپنے ارکان خاندان اور حامیوں کے حوالہ کرنے بہت بڑا گھوٹالہ تیار کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو ریل چلانے والی کمپنی ایل اینڈ ٹی کے ذمہ داروں کو بلیک میل کر کے ریاست سے باہر جانے مجبور کیا گیا ہے ۔ ایل اینڈ ٹی کمپنی کا 14 ہزار کروڑ کا قرض ریاست کے عوام کے سر تھوپا جارہا ہے ۔ عوام ریونت ریڈی کو کبھی معاف نہیں کریں گے جنہوں نے حیدرآباد کی ترقی کیلئے اہم ایرپورٹ میٹرو پراجکٹ کو منسوخ کردیا ہے۔ بی آر ایس ورکنگ صدر نے سنسنی خیز دعویٰ کیا کہ میٹرو ریل کے نام پر دونوں قائدین عوام کی آنکھ میں دھول جھونک رہے ہیں اور ایسا ڈرامہ کررہے ہیں جیسے کشن ریڈی نے پراجکٹ دیا ہو اور ریونت ریڈی اسے لائے ہوں ۔ کے ٹی آر نے چیف منسٹر کے طرز عمل پر تنقید کی اور کہا کہ ریونت ریڈی کیلئے محمد بن تغلق اور ایڈولف ہٹلر مثالی کردار بن چکے ہیں اور وہ اصل مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں ۔ کے ٹی آر نے شیر لنگم پلی میں دوبارہ گلابی جھنڈا لہرانے تمام کارکنوں اور قائدین کو متحد ہو کر آگے بڑھنے کا مشورہ دیا اور پارٹی کی رکنیت سازی مہم اور SIR کی مہم پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی ۔۔ 2/k/b