میڈیا کے بعض اداروں پر کے ٹی آر کی برہمی

   

وزیراعظم کے عہدہ کیلئے چنڈی یاگم کے انعقادکی اطلاعات مسترد
حیدرآباد ۔ 21 ۔ جنوری (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے میڈیا کے بعض اداروں پر برہمی اظہار کیا اور کہا کہ کسی بھی خبر کی پیشکشی سے قبل حقائق کا پتہ چلانے کی کوشش نہیں جاتی۔ انہوں نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ بعض نیوز آوٹ لیٹس کو بنیادی فہم اور عقل کی کمی دکھائی دیتی ہے جو کسی بکواس کی اشاعت سے قبل حقائق کا پتہ نہیں چلاتے ۔ میں اس معاملہ کو متعلقہ ایڈیٹرس کے ضمیر پر چھوڑتا ہوں۔ کے ٹی آر نے ٹوئیٹر اپنی برہمی اس وقت اظہار کیا جبکہ ہرشوردھن نامی ایک شخص نے انہیں ٹوئیٹر پر ایک انگریزی نیوز چیانل کی رپورٹ کا حوالہ دیا۔ جس میں کہا گیا کہ 21 تا 25 جنوری کے سی آر کے مہا یاگم کے انعقاد کا مقصد لوک سبھا انتخابات میں کامیابی اور وزیراعظم کے عہدہ پر فائز ہونا ہے۔ ملک کے وزیراعظم کے عہدہ پر فائز ہونے کیلئے مہا چنڈی یاگم کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اس بارے میں کے ٹی آر سے وضاحت طلب کرتے ہوئے ہرش وردھن نے ٹوئیٹ کیا ۔ انہوں نے لکھا کہ اگرچہ یہ خبر جھوٹی دکھائی دے رہی ہے اور میں نے کے سی آر کو کبھی وزیراعظم کی خواہش کرتے نہیں دیکھا۔ ہرش وردھن کے ٹوئیٹ کا جواب دیتے ہوئے کے ٹی آر نے اپنی برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ اداروں کو کامن سینس تک نہیں ہے اور وہ کسی نان سینس کو شائع کرنے سے قبل حقیقت کا پتہ نہیں چلاتے۔