میڈیکل داخلوں کیلئے راہ ہموار ، جی او 33 میں ترمیم

   

4 زمروں کو مقامی سے استثنیٰ ، درخواستیں قبول کرنے کا عمل شروع، 15 ستمبر سے کونسلنگ
حیدرآباد ۔ 10 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی حکومت نے طبی تعلیم کے داخلوں سے متعلق مقامی ( لوکل ) کے احکامات پر اہم فیصلہ کیا ہے ۔ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق جی او نمبر 33 میں ترمیم کرنے کے احکامات جاری کئے ۔ ترمیم شدہ جی او کے مطابق ریاستی حکومت میں کام کرنے والے تبادلے کے حصہ کے طور پر تلنگانہ سے باہر رہائش پذیر ریاستی حکومت کے ملازمین کے خاندانوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ آل انڈیا سرویس ( آئی اے ایس ریاستی کیڈر سے تعلق رکھتے ہوئے دوسری ریاستوں میں کام کرنے والے آئی اے ایس ، آئی پی ایس ، آئی ایف ایس ) کیڈر خاندانوں کے طلبہ ، فوج ، پولیس عملہ کے بچے کارپوریشن ایجنسیوں میں کام کرنے والے ملازمین خاندان کے طلبہ کو مقامی (لوکل) سے استثنیٰ دیا گیا ہے ۔ ان 4 زمروں سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے مسلسل چار سال تک تلنگانہ میں تعلیم حاصل نہیں کی تاہم ان کے والدین یہاں کے ہیں ۔ تبادلوں کی مدت کے دوران ان کے بچوں نے اگر ریاست سے باہر تعلیم حاصل کی ہے تو انہیں مقامی تصور کیا جائے گا ۔ اگر وہ متعلقہ ملازمت کے سرٹیفیکٹ میں ثبوت پیش کرتے ہیں تو انہیں مقامی تصور کرنے کا سرکاری احکامات میں تذکرہ کیا گیا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی ان چار زمروں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو منگل 9 ستمبر سے 11 ستمبر تک داخلوں کے لیے درخواستیں داخل کرنے کی کالوجی نارائن راؤ ہیلت یونیورسٹی میں سہولت فراہم کی گئی ہے ۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر نند کمار ریڈی نے بتایا کہ شکایتیں اور اعتراضات ، سرٹیفیکٹس کی جانچ کرنے کے بعد قطعی فہرست جاری کی جائے گی ۔ جی او نمبر 33 میں ترمیم کے تناظر میں جاریہ ماہ 15 ستمبر سے ایم بی بی ایس ، بی ڈی ایس کورسیس میں کنوینر کوٹہ داخلوں کیلئے ہیلت یونیورسٹی کی جانب سے کونسلنگ کا آغاز کیا جارہا ہے ۔ جملہ 4 مرحلوں میں کونسلنگ کا انعقاد کیا جائے گا ۔ تلنگانہ میں سرکاری اور خانگی جملہ 8515 ایم بی بی ایس کی نشستیں ہیں ۔ گورنمنٹ کالجس میں 4090 یو جی نشستیں ہیں جس میں آل انڈیا کوٹہ میں 613 نشستیں چلی گئیں۔ ماباقی نشستوں کیلئے ہیلت یونیورسٹی کی جانب سے کونسلنگ کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ 2