میڈیکل طالبہ کے اغوا میں ملوث افراد گرفتار

   

لڑکی بہ حفاظت گھر واپس، نوین ریڈی کا شادی ہونے کا دعویٰ

حیدرآباد۔ 10 ڈسمبر (سیاست نیوز) رچہ کنڈہ پولیس میڈیکل طالبہ وائشالی کے اغوا میں ملوث افراد کو اندرون 6 گھنٹے گرفتار کرلیا۔ یاد رہے کہ آدی بٹلہ علاقہ سے کل ایک میڈیکل طالبہ کا اغوا کرلیا گیا تھا۔ تاہم اغوا کاروں نے اس لڑکی کو نلگنڈہ میں چھوڑ دیا۔ فلمی انداز میں لڑکی کے مکان پر حملہ کرتے ہوئے تباہی مچانے کے بعد لڑکی کو اغوا کرلیا گیا تھا اور اس اغوا میں لڑکی کا سابق عاشق نوین ریڈی اصل سازش بتایا گیا ہے۔ پولیس نے اس معاملہ میں جملہ 32 افراد بشمول نوین ریڈی کو بھی گرفتار کرلیا ہے اور لڑکی بہ حفاظت اس کے والدین کے حوالے کردی گئی۔ آج لڑکی کے رشتہ کی بات ہونے والی تھی کہ قبل از وقت اطلاع پر نوین ریڈی نے یہ اقدام کیا۔ تقریباً 100 افراد کو دعوت کے نام پر جمع کرنے کے بعد نوین ریڈی نے انہیں مئے نوش کروائی اور اپنے منصوبہ کے مطابق لڑکی کے مکان لے گیا۔ لڑکی والوں کے مکان پہنچنے سے قبل برأت کے انداز میں 5 کاروں، ایک ڈی سی ایم اور موٹر سائیکل پر اپنے حامیوں کے ساتھ مکان پہنچا اور حملہ کرتے ہوئے توڑ پھوڑ مچادی اور لڑکی کو لے کر فرار ہوگیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق 20 سالہ نوین ریڈی عرف کے این آر وجے واڑہ میں سی اے سال اول تک تعلیم حاصل کیا اور کاروبار کا آغاز کیا۔ اس نے مسٹر ٹی کا قیام کیا اور ملک بھر میں 400 سے زائد فرنچائز جاری ہے اور سنیتا پورم علاقہ میں صدر دفتر کو قائم کیا۔ ایک نٹ ورک کو چلا رہا تھا۔ اس کے سیاسی حلقوں میں بہترین تعلقات پائے جاتے ہیں۔ باوثوق ذرائع کے مطابق نوین ریڈی نے وائشالی سے شادی ہونے کا دعوی کیا ہے اور اس نے یہ بھی بتایا کہ باپٹلہ ضلع میں اس نے ہندو رسم و راج کے مطابق شادی کرلی اور اس کے والدین کی درخواست پر تعلیم کے مکمل ہونے تک لڑکی کو مائیکے میں رکھا۔ حالیہ دنوں نوین ریڈی نے ایک کار خریدی تھی اور اس کار کی نامنی کے طور پر وائشالی کو رکھا اور تمام ثبوت پیش کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس کمشنر نے اس واقعہ کا سخت نوٹ لیتے ہوئے گرفتار افراد کے خلاف سخت کارروائی اور پی ڈی ایکٹ نافذ کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔ ع