میکسیکو سرحد پر ایمرجنسی روکنے کے بل پر ٹرمپ کا ویٹو

   

واشنگٹن۔ 16 مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جمعہ کو جنوبی سرحد پر قومی ایمرجنسی کے اپنے اعلان کے خلاف ایک بل کو پلٹنے کے لئے ویٹو کا استعمال کیا جو ان کے دور اقتدار کا اس طرح کا پہلا قدم ہے ۔ ٹرمپ نے امریکی سینیٹ کی طرف سے قرارداد منظور کئے جانے کے ایک دن بعد سرحدی دیوار کی کیلئے فنڈز حاصل کرنے کے واسطے ہنگامی اعلان کیخلاف کانگریس کے بل پر ویٹوکے دستخط کئے ۔ ٹرمپ نے سینیٹ ووٹ کے فوراًبعد بل پر ویٹو لگانے کا دعوی کیا۔ٹرمپ نے ویٹو پر دستخط کرنے کے بعد کہاکہ ہم ابھی بہت ساری دیوار بنا رہے ہیں، انہوں نے اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایمرجنسی کے اعلان کے بعد رقم حاصل کرکے میکسیکو کے ساتھ امریکہ کی سرحد پر دیوار تعمیر کرنے کے منصوبوں کو آگے بڑھا رہے ہیں۔اٹارنی جنرل ولیم بر اور ہوم سیکورٹی وزیر کرسٹن نیلسن جمعہ کو دستخط کی تقریب کے دوران ٹرمپ کے ساتھ نظر آئے ۔ نیلسن نے کہا کہ حقیقت ہے کہ یہ ایمرجنسی ناقابل تردید ہے ۔ ٹرمپ کے ویٹو سے بل واپس کانگریس کے پاس پہنچ گیا جہاں آنے والے ہفتوں میں ایوان نمائندگان میں دوبارہ اسے اٹھانے کی امید ہے ۔